اہل کتاب نے اللہ کا عہد توڑا ہے
یعنی علمائے اہل کتاب سےعہد لیا گیا تھا کہ جو احکام و بشارت کتاب اللہ میں ہیں انہیں صاف صاف لوگوں کےسامنے بیان کریں گے اور کوئی بات نہیں چھپائیں گے نہ ہیر پھیر کر کے ان کے معنی بدلیں گے، مگر انہوں نے ذرہ برابر پروا نہ کی اور دنیا کے تھوڑے سے نفع کی خاطر سب عہد و پیمان توڑ کر احکام شریعت بدل ڈالے، آیات اللہ میں لفظی و معنوی تحریفات کیں جس چیز کا ظاہرکرنا سب سے زیادہ ضروری تھا۔ یعنی پیغمبر آخرالزماں کی بشارت، اسی کو سب سے زیادہ چھپایا۔ جس قد رمال خرچ کرنے میں بخل کرتے اس سے بڑھ کر علم خرچ کرنے میں کنجوسی دکھائی۔ اور اس کنجوسی کا منشاء بھی مال و جاہ اور متاع دنیا کی محبت کےسوا کچھ نہ تھا۔ یہاں ضمنًا مسلمان اہل علم کو متنبہ فرما دیا کہ تم دنیا کی محبت میں پھنس کر ایسا نہ کرنا۔