مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ آلِ عمران آیت 34 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ذُرِّيَّةًۢ بَعْضُهَا مِنۢ بَعْضٍ ۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ ﴿٣٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت آدم علیہ السلام و نوح علیہ السلام اور آل ابراہیم علیہ السلام کی خصوصیات

خدا کی مخلوقات میں زمین، آسمان، چاند، سورج، ستارے، فرشتے، جن، شجر، حجر سب ہی شامل تھے مگر اس نے اپنے علم محیط اور حکمت بالغہ سے ملکات روحانیہ اور کمالات جسمانیہ کا جو مجموعہ ابوالبشر آدمؑ میں ودیعت کیا وہ مخلوقات میں سے کسی کو نہ دیا۔ بلکہ آدمؑ کو مسجود ملائکہ بنا کر ظاہر فرما دیا کہ آدمؑ کا اعزاز و اکرام اس کی بارگاہ میں ہر مخلوق سے زیادہ ہے۔ آدمؑ کا یہ انتخابی اور اصطفائی فضل و شرف جسے ہم "نبوت" سے تعبیر کرتے ہیں کچھ ان کی شخصیت پر محدود و مقصود نہ تھا، بلکہ منتقل ہو کر ان کی اولاد میں نوحؑ کو ملا پھر منتقل ہوتا ہوا نوحؑ کی اولاد حضرت ابراہیمؑ تک پہنچا۔ یہاں سے ایک نئی صورت پیدا ہو گئ۔ آدمؑ و نوحؑ کے بعد جتنے انسان دنیا میں آباد رہے تھے وہ سب ان دونوں کی نسل سے تھے۔ کوئی خاندان دونوں کی ذریت سے باہر نہ تھا۔ برخلاف اس کے ابراہیمؑ کے بعد ان کی نسل کے علاوہ دنیا میں دوسرے بہت خاندان موجود رہے۔ لیکن جس خدا نے اپنی بےشمار مخلوقات میں سے منصب نبوت کے لئے آدم کا انتخاب کیا تھا اسی کے علم محیط اور اختیار کامل نے آئندہ کے لئے ہزاروں گھرانوں میں سے اس منصب جلیل کے واسطے ابراہیمؑ کے گھرانے کو مخصوص فرما دیا ۔ جس قدر انبیاء و رسل ابراہیمؑ کے بعد آئے ان ہی کے دو صاحبزادوں اسحاقؑ و اسمٰعیلؑ کی نسل سے آئے۔ چونکہ عمومًا نسب کا سلسلہ باپ کی طرف سے چلتا ہے اور حضرت مسیحؑ بن باپ کے پیدا ہوئے تھے اس لحاظ سے وہم ہو سکتا تھا کہ ان کو نسل ابراہیمی سے مستثنٰی کرنا پڑے گا۔ اس لئے حق تعالیٰ نے " آل عمران" اور ذُرِّیَّۃًۢ بَعۡضُہَا مِنۡۢ بَعۡضٍ فرما کر متنبہ کر دیا کہ حضرت مسیحؑ جب صرف ماں سے پیدا ہوئے تو ان کا سلسلہ نسب بھی ماں ہی کی طرف سے لیا جائے گا۔ نہ کہ معاذ اللہ خدا کی طرف سے اور ظاہر ہے کہ ان کی والدہ مریم صدیقہ کے باپ عمران کا سلسلہ آخر حضرت ابراہیمؑ پر منتہی ہوتا ہے تو آل عمران، آل ابراہیمؑ کی ایک شاخ ہوئی اور کوئی پیغمبر خاندان ابراہیمی سے باہر نہ ہوا۔

سب کی دعاؤں اور باتوں کو سنتا اور سب کے ظاہری و باطنی احوال و استعداد کو جانتا ہے۔ لہذا یہ وہم نہ کرنا چاہیئے کہ یوں ہی کیف ما اتفق انتخاب کر لیا ہوگا۔ وہاں کا ہر کام پورے علم و حکمت پر مبنی ہے۔