یعنی پیغمبر ہو کر اپنی قوم بنی اسرائیل سے یہ فرمائیں گے۔
حضرت عیسٰی علیہ السلام کے عجیب و غریب معجزات
محض شکل و صورت بنانے کو "خلق" سے تعبیر کرنا صرف ظاہری حیثیت سے ہے۔ جیسے حدیث صحیح میں معمولی تصویر بنانے کو "خلق" سے تعبیر فرمایا "احیواما خلقتم" یا خدا کو اَحْسَنُ الْخَالِقِیْن فرما کر بتلا دیا کہ محض ظاہری صورت کے لحاظ سے غیر اللہ پر بھی یہ لفظ بولا جا سکتا ہے۔ اگرچہ حقیقت تخلیق کے لحاظ سے حق تعالیٰ کے سوا کوئی "خالق" نہیں کہلا سکتا۔ شاید اسی لئے یہاں یوں نہ فرمایا انی اخلق لکم من الطین طیراً (میں مٹی سے پرندہ بنا دیتا ہوں) یوں کہا کہ میں مٹی سے پرندہ کی شکل بنا کر اس میں پھونک مارتا ہوں، پھر وہ پرندہ اللہ کے حکم سے بن جاتا ہے۔ بہرحال یہ معجزہ آپ نے دکھلایا اور کہتے ہیں بچپن میں ہی بطور "اِرہاص" آپ سے یہ خرق عادت ظاہر ہوا۔ تاکہ تہمت لگانے والوں کو ایک چھوٹا سا نمونہ قدرت خداوندی کا دکھلا دیں کہ جب میرے نفخہ (پھونکنے) پر خدا تعالیٰ مٹی کی بےجان صورت کو جاندار بنا دیتا ہے، اسی طرح اگر اس نے بدن مس بشر محض روح القدس کے نفخہ سے ایک برگزیدہ عورت کے پانی پر روح عیسوی فائز کر دی تو کیا تعجب ہے۔ بلکہ حضرت مسیحؑ چونکہ نفخہ جبرئیلیہ سے پیدا ہوئے ہیں اس مسیحائی نفخہ کو اسی نوعیت ولادت کا ایک اثر سمجھنا چاہئے۔ سورۂ مائدہ کے آخر میں حضرت مسیحؑ کے ان معجزات و خوارق پر دوسرے رنگ میں کلام کیا جائے گا۔ وہاں ملاحظہ کیا جائے۔ خلاصہ یہ کہ حضرت مسیحؑ پر کمالات ملکیہ و روحیہ کا غلبہ تھا۔ اسی کے مناسب آثار ظاہر ہوتے تھے۔ لیکن اگر بشر کو ملک پر فضیلت حاصل ہے اور اگر ابوالبشر کو مسجود ملائکہ بنایا گیا ہے تو کوئی شبہ نہیں کہ جس میں تمام کمالات بشریہ (جو عبارت ہے مجموعہ کمالات روحانیہ اور جسمانیہ سے) اعلیٰ درجہ پر ہونگے اس کو حضرت مسیحؑ سے افضل ماننا پڑے گا۔ اور وہ ذات قدسی صفات محمد رسول اللہ ﷺ کی ہے۔
منکرین معجزات کا رد
اس زمانہ میں اطباء و حکماء کا زور تھا، حضرت مسیحؑ کو ایسے معجزات مرحمت ہوئے جو لوگوں پر ان کے سب سے زیادہ مایہ ناز فن میں حضرت مسیحؑ کا نمایاں تفوق ثابت کریں۔ بلاشبہ مردہ کو زندہ کرنا حق تعالیٰ کی صفت ہے جیسا کہ بِاِذْنِ اللّٰہِ کی قید سے صاف ظاہر ہے۔ مگر مسیحؑ اس کا ذریعہ ہونے کی وجہ سے توسعًا اپنی طرف نسبت کر رہے ہیں۔ یہ کہنا کہ حق تعالیٰ قرآن کریم میں یا نبی کریم ﷺ احادیث میں اعلان کر چکے ہیں کہ ازل سے ابد تک کسی مردہ کو دنیا میں دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا۔ نرا دعویٰ ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں۔ اگر اس نے قرآن میں فَیُمۡسِکُ الَّتِیۡ قَضٰی عَلَیۡہَا الۡمَوۡتَ (الزمر۔۴۲) فرما کر یہ بتلایا کہ مرنے والے کی روح خدا تعالیٰ روک لیتا ہے اور سونے والے کی اس طرح نہیں روکتا۔ تو یہ کب کہا ہے کہ اس روک لینے کے بعد دوبارہ اسے چھوڑ دینے کا اختیار نہیں رہتا۔ یاد رکھو! معجزہ وہ ہی ہے جو حق تعالیٰ کی عام عادت کے خلاف مدعی نبوت کی تصدیق کے لئے ظاہر کیا جائے۔ پس ایسی نصوص کو لے کر جو کسی چیز کی نسبت خدا کی عام عادت بیان کرتی ہوں یہ استدلال کرنا کہ ان سے معجزات کی نفی ہوتی ہے سرے سے معجزہ کے وجود کا انکار اور اپنی حماقت و غباوت کا اظہار ہے۔ معجزہ اگر عام قانون عادت کے موافق آیا کرے تو اسے معجزہ کیوں کہیں گے حضرت مسیحؑ کا بن باپ پیدا ہونا یا ابراء اکمہ و ابرص و احیاء موتیٰ وغیرہ معجزات دکھلانا، اہل اسلام میں تمام سلف و خلف کے نزدیک مسلم رہا ہے۔ صحابہ و تابعین میں ایک قول بھی اس کے انکار میں دکھلایا نہیں جا سکتا آج جو ملحد یہ دعویٰ کرے کہ ان خوارق کا ماننا محکمات قرآنی کے خلاف ہے۔ گویا وہ ایسی چیزوں کو "محکمات" بتلاتا ہے جن کا صحیح مطلب سمجھنے سے تمام امت عاجز رہی؟ یا سب کے سب "محکمات" کو چھوڑ کر اور "متشابہات" کے پیچھے پڑ کر فِیْ قُلُوۡبِہِمۡ زَیْغٌ کے مصداق بن گئے ؟ آج کل کے ملحدین کے سوا "متشابہات" کو "محکمات" کی طرف لوٹانے کی کسی کو توفیق نہ ہوئی؟ العیاذ باللہ۔ حق یہ ہے کہ وہ آیات جن کے ظاہری معنی کو ساری امت مانتی چلی آئی ہے۔ "محکمات" ہیں۔ اور ان کو توڑ موڑ کر محض استعارات و تمثیلات پر عمل کرنا اور معجزات کی نفی پر عموم عادت سے دلیل لانا یہ ہی "زائغین" کا کام ہے۔ جن سےحذر کرنے کی حضور ﷺ نے ہدایت فرمائی ہے۔
آئندہ کے لئے۔ یعنی بعض مغیبات ماضیہ و مستقبلہ پر تم کو مطلع کر دیتا ہوں عملی معجزات کے بعد یہ ایک علمی معجزہ ذکر کر دیا۔