مکر اور ماکِر کے معنیٰ
"مکر" کہتے ہیں لطیف و خفیہ تدبیر کو۔ اگر وہ اچھے مقصد کے لئے ہو۔ اچھا ہے۔ اور برائی کے لئے ہو تو برا ہے اسی لئے وَ لَا یَحِیۡقُ الۡمَکۡرُ السَّیِّیُٔ (فاطر۔۴۳) میں مکر کے ساتھ سَّیِّیُٔ کی قید لگائی۔ اور یہاں خدا کو خَیْرُالْمٰکِرِیْنَ کہا۔ مطلب یہ ہے کہ یہود نے حضرت عیسٰیؑ کے خلاف طرح طرح کی سازشیں اور خفیہ تدبیریں شروع کر دیں۔ حتیٰ کہ بادشاہ کے کان بھر دئیے کہ یہ شخص معاذ اللہ ملحد ہے۔ تورات کو بدلنا چاہتا ہے سب کو بد دین بنا کر چھوڑے گا۔ اس نے مسیحؑ کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ ادھر یہ ہو رہا تھا اور ادھر حق تعالیٰ کی لطیف و خفیہ تدبیر ان کے توڑ میں اپنا کام کر رہی تھی۔ جس کا ذکر آگے آتا ہے۔ بیشک خدا کی تدبیر سب سے بہتر اور مضبوط ہے جسے کوئی نہیں توڑ سکتا۔