حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی امت حضرت ابراہیم علیہ السلام سے زیادہ قریب ہیں
اللہ تعالیٰ نے بتلا دیا کہ زیادہ مناسبت ابراہیمؑ سے اس وقت کی امت کو تھی یا پچھلی امتوں میں اس نبی کی امت کو ہے۔ تو یہ امت نام میں بھی اور راہ میں بھی ابراہیمؑ سے مناسبت زیادہ رکھتی ہے۔ اور اس امت کا پیغمبر خَلقًا و خُلقًا صورۃً و سیرۃً حضرت ابراہیمؑ سے اشبہ ہے اور ان کی دعاء کے موافق آیا ہے جیسا کہ سورہ "بقرہ" میں گذرا رَبَّنَا وَ ابۡعَثۡ فِیۡہِمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡہُمۡ یَتۡلُوۡا عَلَیۡہِمۡ اٰیٰتِکَ (البقرۃ۔۱۲۹) الخ اسی لئے حبشہ کا نصرانی بادشاہ (نجاشی) مسلمان مہاجرین کو "حزب ابراہیمؑ" کہتا تھا۔ شاید اسی قسم کی مناسبات کی وجہ سے درود شریف میں کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰی اِبْرَاھِیْم فرمایا۔ یعنی اس نوعیت اور نمونہ کی صلوٰۃ نازل فرمائے جو ابراہیمؑ و آل ابراہیمؑ پر کی تھی۔ جامع ترمذی میں حدیث ہے اِنَّ لِکُلِّ نَبِیٍّ وَلاۃً مِنَ النَّبِیْیْنَ وَاِنَّ وَلّیی ابی وَ خَلِیْلُ رَبِیّ اس مضمون کی تفصیل آئندہ کسی سورت میں آئے گی ان شاء اللہ۔
یعنی اپنے راہ کے حق ہونے پر محض کسی کی موافقت و مشابہت سے دلیل جب پکڑے کہ اپنے اوپر وحی نہ آتی ہو۔ سو اللہ والی ہے مسلمانوں کا کہ (یہ براہ راست) اس کے حکم پر چلتے ہیں (موضح القرآن) ۔