اللہ کا ارادہ و قدرت
یعنی سارے جہان کا پیدا کرنا اور ایک آدمی کا پیدا کرنا خدا تعالیٰ کے لئے دونوں برابر ہیں۔ نہ اس میں کچھ وقت نہ اس میں کچھ تعب۔ ایک "کُنْ" سے جو چاہے کر ڈالے اور لفظ "کُنْ" کہنے پر بھی موقوف نہیں۔ یہ ہم کو سمجھانے کا یک عنوان ہے بس ادھر ارادہ ہوا ادھر وہ چیز موجود۔
اللہ تعالٰی کا سمع و بصر
یعنی جس طرح ایک آواز کا سننا اور بیک وقت تمام جہان کی آوازوں کو سننا، یا ایک چیز کا دیکھنا اور بیک وقت تمام جہان کی چیزوں کا دیکھنا، اس کے لئے برابر ہے، ایسے ہی ایک آدمی کا مرنا جلانا اور سارے جہان کا مرنا جلانا اس کی قدرت کے سامنے یکساں ہے۔ پھر دوبارہ جلانے کے بعد بیک وقت تمام اولین و آخرین کے اگلے پچھلے اعمال کا رتی رتی حساب چکا دینے میں بھی اسے کوئی دقت نہیں ہو سکتی کیونکہ ہمارے تمام اقوال کو سنتا اور تمام افعال کو دیکھتا ہے۔ کوئی چھپی کھلی بات وہاں پوشیدہ نہیں۔