مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ سجدہ آیت 13 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَوْ شِئْنَا لَـَٔاتَيْنَا كُلَّ نَفْسٍ هُدَىٰهَا وَلَـٰكِنْ حَقَّ ٱلْقَوْلُ مِنِّى لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنَ ٱلْجِنَّةِ وَٱلنَّاسِ أَجْمَعِينَ ﴿١٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

دوسری جگہ فرمایا وَ لَوۡ رُدُّوۡا لَعَادُوۡا لِمَا نُہُوۡا (انعام۔۲۸) یعنی جھوٹے ہیں اگر دنیا کی طرف لوٹائے جائیں پھر وہی شرارتیں کریں۔ ان کی طبیعت کی افتاد ہی ایسی واقع ہوئی ہے کہ شیطان کے اغواء کو قبول کر لیں اور اللہ کی رحمت سے دور بھاگیں بیشک ہم کو قدرت تھی چاہتے تو ایک طرف سے تمام آدمیوں کو زبردستی اسی راہ ہدایت پر قائم رکھتے جس کی طرف انسان کا دل فطرۃً رہنمائی کرتا ہے۔ لیکن اس طرح سب کو ایک ہی طور و طریق اختیار کرنے کے لئے مضطر کر دینا حکمت کے خلاف تھا۔ جس کا بیان کئ جگہ پہلے ہو چکا ہے۔ لہذا وہ بات پوری ہونی تھی جو ابلیس کے دعوے لَاُغۡوِیَنَّہُمۡ اَجۡمَعِیۡنَ۔ اِلَّا عِبَادَکَ مِنۡہُمُ الۡمُخۡلَصِیۡنَ (صٓ۔۸۲،۸۳) کے جواب میں فرمائی تھی فَالۡحَقُّ ۫ وَ الۡحَقَّ اَقُوۡلُ۔ لَاَمۡلَـَٔنَّ جَہَنَّمَ مِنۡکَ وَ مِمَّنۡ تَبِعَکَ مِنۡہُمۡ اَجۡمَعِیۡنَ (صٓ۔۸۴،۸۵) معلوم ہوا کہ یہاں جن و انس سے مراد وہ ہی شیاطین اور ان کے اتباع ہیں۔