صحابہ کرامؓ کے ایمان و عزم کا بیان
یعنی منافقین نے جو عہد کیا تھا پچھلے رکوع میں گذر چکا وَ لَقَدۡ کَانُوۡا عَاہَدُوا اللّٰہَ مِنۡ قَبۡلُ لَا یُوَلُّوۡنَ الۡاَدۡبَارَ اسے توڑ کر بیحیائی کے ساتھ میدان جنگ سے ہٹ گئے ۔ ان کے برعکس کتنے پکے مسلمان ہیں جنہوں نے اپنا عہدوپیمان سچا کر دکھلایا۔ بڑی بڑی سختیوں کے وقت دین کی حمایت اور پیغمبر کی رفاقت سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹایا۔ اللہ و رسول کو جو زبان دے چکے تھے، پہاڑ کی طرح اس پر جمے رہے۔ ان میں سے کچھ تو وہ ہیں جو اپنا ذمہ پورا کر چکے یعنی جہاد ہی میں جان دیدی جیسے شہدائے بدر و احد جن میں سے حضرت انس بن النضرؓ کا قصہ بہت مشہور ہے اور بہت مسلمان وہ ہیں جو نہایت اشتیاق کے ساتھ موت فی سبیل اللہ کا انتظار کر رہے ہیں کہ کب کوئی معرکہ پیش آئے جس میں ہمیں بھی شہادت کا مرتبہ نصیب ہو۔ بہرحال دونوں قسم کے مسلمانوں نے (جو اللہ کی راہ میں جان دے چکے، اور جو مشتاق شہادت ہیں) اپنے عہدو پیمان کی پوری حفاظت کی اور اپنی بات سے ذرہ بھر نہیں بدلے۔ ف:۔ حضرت طلحہ کے بارے میں آنحضرت ﷺ کا ارشاد: حدیث میں نبی کریم ﷺ نے حضرت طلحہؓ کو فرمایا ھٰذا مِمَّنْ قَضٰی نَحْبَہٗ (یہ ان میں سے ہے جو اپنا ذمہ پورا کر چکے) گویا ان کو اسی زندگی میں شہید قرار دیدیا گیا۔ یہ وہ بزرگ ہیں جو جنگ احد میں رسول اللہ ﷺ کی حفاظت کے لئے اپنے ہاتھ پر تیر روکتے رہے حتیٰ کی شل ہو کر رہ گیا۔ رضی اللہ تعالیٰ عنہ وارضاہ۔