حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا مصداق حضرت اسمٰعیل علیہ السلام ہیں
یہاں سے معلوم ہوا کہ حضرت ابراہیمؑ نے اولاد کی دعا مانگی اور خدا نے قبول کی اور وہ ہی لڑکا قربانی کے لئے پیش کیا گیا۔ موجودہ تورات سے ثابت ہے کہ جو لڑکا حضرت ابراہیمؑ کی دعا سے پیدا ہوا وہ حضرت اسمٰعیلؑ ہیں۔ اور اسی لئے ان کا نام "اسمٰعیل" رکھا گیا۔ کیونکہ "اسمٰعیل" دو لفظوں سے مرکب ہے۔ "سمع" اور "ایل" "سمع" کے معنی سننے کے اور "ایل" کے معنی خدا کے ہیں۔ یعنی خدا نے حضرت ابراہیمؑ کی دعا سن لی۔ "تورات" میں ہے کہ خدا نے ابراہیمؑ سے کہا کہ اسمٰعیلؑ کے بارے میں میں نے تیری سن لی۔ اس بناء پر آیت حاضرہ میں جس کا ذکر ہے وہ حضرت اسمٰعیلؑ ہیں۔ حضرت اسحاقؑ نہیں۔ اور ویسے بھی ذبح وغیرہ کا قصہ ختم کرنے کے بعد حضرت اسحٰقؑ کی بشارت کا جداگانہ ذکر کیا گیا ہے جیسا کہ آگے آتا ہے وَ بَشَّرۡنٰہُ بِاِسۡحٰقَ نَبِیًّا الخ معلوم ہوا کہ فَبَشَّرْنٰہُ بِغُلٰمٍ حَلِیْمٍ میں ان کے علاوہ کسی دوسرے لڑکے کی بشارت مذکور ہے۔ نیز اسحاقؑ کی بشارت دیتے ہوئے ان کے نبی بنائے جانے کی بھی خوشخبری دی گئ اور سورۃ "ہود" میں انکے ساتھ ساتھ حضرت یعقوبؑ کا مژدہ بھی سنایا گیا۔ جو حضرت اسحٰق کے بیٹے ہوں گے۔ وَ مِنۡ وَّرَآءِ اِسۡحٰقَ یَعۡقُوۡبَ (ہود۔۷۱) پھر کیسے گمان کیا جا سکتا ہے کہ حضرت اسحاق ذبیح ہوں۔ گویا نبی بنائے جانے اور اولاد عطا کئے جانے سے پیشتر ہی ذبح کر دیے جائیں۔ لامحالہ ماننا پڑے گا کہ ذبیح حضرت اسمٰعیلؑ ہیں جن کے متعلق بشارت ولادت کے وقت نہ نبوت عطا فرمانے کا وعدہ ہوا نہ اولاد دیے جانے کا۔ یہ ہی وجہ ہے کہ قربانی کی یادگار اور اس کی متعقلہ رسوم بنی اسمٰعیل میں برابر بطور وراثت منتقل ہوتی چلی آئیں۔ اور آج بھی اسمٰعیلؑ کی روحانی اولاد ہی (جنہیں مسلمان کہتے ہیں) ان مقدس یادگاروں کی حامل ہے۔ حضرت اسمٰعیلؑ کا مقامِ قربانی: موجودہ تورات میں تصریح ہے کہ قربانی کا مقام "موار" یا "مُریا" تھا۔ یہود و نصاریٰ نے اس مقام کا پتہ بتلانے میں بہت ہی دورازکار احتمالات سے کام لیا ہے حالانکہ نہایت ہی اقرب اور بے تکلف بات یہ ہے کہ یہ مقام "مروہ" ہو جو کعبہ کے سامنے بالکل نزدیک واقع ہے اور جہاں سعی بین الصفا و المروۃ ختم کر کے معتمرین حلال ہوتے ہیں اور ممکن ہے بَلَغَ مَعَہُ السَّعۡیَ میں اسی سعی کی طرف ایماء ہو۔ موطا امام مالک کی ایک روایت می نبی کریم ﷺ نے "مروہ" کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کہ قربان گاہ یہ ہے۔ غالبًا وہ اسی ابراہیم و اسمٰعیل علیہما السلام کی قربان گاہ کی طرف اشارہ ہو گا۔ ورنہ آپ کے زمانہ میں لوگ عمومًا مکہ سے تین میل "منٰی" میں قربانی کرتے تھے۔ جیسے آج تک کی جاتی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ ابراہیمؑ کا اصل قربان گاہ "مروہ" تھا۔ پھر حجاج اور ذبائح کی کثرت دیکھ کر منیٰ تک وسعت دیدی گئ۔ قرآن کریم میں بھی ہَدۡیًۢا بٰلِغَ الۡکَعۡبَۃِ (المائدہ۔۹۵) اور ثُمَّ مَحِلُّہَاۤ اِلَی الۡبَیۡتِ الۡعَتِیۡقِ (الحج۔۳۳) فرمایا ہے جس سے کعبہ کا قرب ظاہر ہوتا ہے۔ واللہ اعلم۔ حضرت اسمٰعیلؑ ہی ذبیح اللہ ہیں: بہرحال قرآئن و آثار یہ ہی بتلاتے ہیں کہ "ذبیح اللہ" وہ ہی اسمٰعیلؑ تھے جو مکہ میں آ کر رہے اور وہیں ان کی نسل پھیلی۔ تورات میں بھی یہ تصریح ہے کہ حضرت ابراہیمؑ کو اکلوتے اور محبوب بیٹے کے ذبح کا حکم دیا گیا تھا اور یہ مسلم ہے کہ حضرت اسمٰعیلؑ حضرت اسحاقؑ سے عمر میں بڑے ہیں۔ پھر حضرت اسحٰقؑ حضرت اسمٰعیلؑ کی موجودگی میں اکلوتے کیسے ہو سکتے ہیں۔ غلامٌ حلیم کے لفظ سے استدلال: عجیب بات یہ ہے کہ یہاں حضرت ابراہیمؑ کی دعا کے جواب میں جس لڑکے کی بشارت ملی اسے بِغُلٰمٍ حَلِیْمٍ کہا گیا ہے۔ لیکن حضرت اسحٰقؑ کی بشارت جب فرشتوں نے ابتداءً خدا کی طرف سے دی تو بِغُلٰمٍ عَلِیۡمٍ (الحجر۔۵۳) سے تعبیر کیا۔ حق تعالیٰ کی طرف سے "حلیم" کا لفظ ان پر یا کسی اور نبی پر قرآن میں کہیں اطلاق نہیں کیا گیا۔ صرف اس لڑکے کو جس کی بشارت یہاں دی گئ اور اس کے باپ ابراہیمؑ کو یہ لقب عطا ہوا ہے اِنَّ اِبۡرٰہِیۡمَ لَحَلِیۡمٌ اَوَّاہٌ مُّنِیۡبٌ (ہود۔۷۵) اور اِنَّ اِبۡرٰہِیۡمَ لَاَوَّاہٌ حَلِیۡمٌ (توبہ۔۱۱۴) جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ہی دونوں باپ بیٹے اس لقب خاص سے ملقب کرنے کے مستحق ہوئے۔ "حلیم" اور "صابر" کا مفہوم قریب قریب ہے۔ اسی "غلامٌ حلیم" کی زبان سے یہاں نقل کیا۔ سَتَجِدُنِیۡۤ اِنۡ شَآءَ اللّٰہُ مِنَ الصّٰبِرِیۡنَ دوسری جگہ فرمادیا وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِدۡرِیۡسَ وَ ذَاالۡکِفۡلِ ؕ کُلٌّ مِّنَ الصّٰبِرِیۡنَ (انبیاء۔۸۵) شاید اسی لئے سورہ "مریم" میں حضرت اسمٰعیلؑ کو "صادق الوعد" فرمایا کہ سَتَجِدُنِیۡۤ اِنۡ شَآءَ اللّٰہُ مِنَ الصّٰبِرِیۡنَ کے وعدہ کو کس طرح سچا کر دکھایا۔ بہرحال "حلیم" "صابر" "صادق الوعد" کے القاب کا مصداق ایک ہی معلوم ہوتا ہے۔ یعنی حضرت اسمٰعیلؑ۔ وَکَانَ عِنْدَ رَبِّہٖ مَرْضِیَّا "سورہ بقرہ" میں تعمیر کعبہ کے وقت حضرت ابراہیمؑ و اسمٰعیلؑ کی زبان سے جو دعا نقل فرمائی ہے اس میں یہ الفاظ بھی ہیںوَاجْعلْنَا مُسْلِمَیْنَ لَکَ وَمِنْ ذُرِّ یَّتِنَا اُمَّۃً مُسْلِمَۃً لَکَ بعینہ اسی مسلم کے تثنیہ کو یہاں قربانی کے ذکر میں فَلَمَّاۤ اَسۡلَمَا الخ کے لفظ سے ادا کر دیا۔ اور ان ہی دونوں کی ذریت کو خصوصی طور پر "مسلم" کے لقب سے نامزد کیا۔ بیشک اس سے بڑھ کر اسلام میں تفویض اور صبرو تحمل کیا ہو گا جو دونوں باپ بیٹے نے ذبح کرنے اور ذبح ہونے کے متعلق دکھلایا۔ یہ اسی اَسْلَمَا کا صلہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان دونوں کی ذریت کو "امۃ مسلمہ" بنا دیا فللہ الحمد علیٰ ذٰلک۔