ملاء اعلٰی کی تشریح
"ملاء اعلی" (اوپر کی مجلس) ملائکہ مقربین وغیرہ ہم کی مجلس ہے جن کے توسط سے تدابیر الہٰیہ اور تصریفات کونیہ ظہور پذیر ہوتی ہیں۔ یعنی ملاء اعلیٰ میں نظام عالم کے فنا و بقاء کے متعلق جو تدبیریں یا بحثیں اور قیل و قال ہوتی ہے۔ مجھے اس کی کیا خبر تھی جو تم سے بیان کرتا۔ اللہ تعالیٰ نے جن اجزاء پر مطلع فرما دیا وہ بیان کر دئے جو کچھ کہتا ہوں اسی کی وحی و اعلام سے کہتا ہوں۔ مجھ کو یہ ہی حکم ملا ہے کہ سب کو اس آنے والے خوفناک مستقبل سے خوب کھول کھول کر آگاہ کر دوں ۔ رہا یہ کہ وہ وقت کب آئگے اور قیامت کب قائم ہو گی؟ نہ انذار کے لیے اس کی ضرورت ہے نہ اس کی اطلاع کسی کو دی گئ ہے؟ ایک حدیث میں ہے کہ چند انبیاء علیہم السلام کے ایک اجتماع میں قیامت کا ذکرچلا کہ کب آئے گی سب نے حضرت ابراہیمؑ پر حوالہ کیا انہوں نے فرمایا کہ مجھے علم نہیں۔ پھر سب نے حضرت موسٰیؑ پر حوالہ کیا ان کی طرف سے بھی وہ ہی جواب ملا۔ آخر سب نے حضرت مسیحؑ کی طرف رجوع کیا فرمایا "وجتہ الساعہ" (عین قیامت کے وقوع کی گھڑی) تو مجھے بھی معلوم نہیں البتہ حق تعالیٰ نے مجھ سے یہ وعدہ کیا ہے الخ اور ایک حدیث میں ہے کہ حضرت مسیحؑ نے حضرت جبرئیلؑ نے قیامت کے آنے کا وقت دریافت کیا۔ فرمایا ماالْمَسْئُوْلُ عَنْھَا بِاَعْلَمَ مِنَ السَّائِل یعنی میں تم سے زیادہ نہیں جانتا۔ معلوم ہوا کہ ملاء اعلیٰ میں قیامت کے متعلق اس قسم کی کچھ بحث و تکرار رہتی ہے۔ اور اس کے علاوہ اور بہت مسائل ہیں جن میں ایک طرح کی تکرار اور قیل و قال ہوتی ہے۔ جیسا کہ ایک حدیث میں اللہ تعالیٰ کا آپ سے کئ مرتبہ سوال کرنا فِیْمَ یَخْتَصِمُ الْمَلَاء الْاَعْلٰی اور آپ کا جواب دینا مذکور ہے۔ مگر وہاں کے مباحثات کا علم بجز وحی الہٰی کے اور کس طرح ہو سکتا ہے۔ یہ ہی ذریعہ ہے جس سے اہل نار کے تخاصم پر آپ کو اطلاع ہوئی۔ اسی سے ملاء اعلیٰ کے اختصان کی خبر لگی اور جو تخاصم ابلیس کا آدمؑ کے معاملہ میں ہوا جس کا ذکر آگے آتا ہے وہ بھی اسی ذریعہ سے معلوم ہوا۔