مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ زمر آیت 32 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

۞ فَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّن كَذَبَ عَلَى ٱللَّهِ وَكَذَّبَ بِٱلصِّدْقِ إِذْ جَآءَهُۥٓ ۚ أَلَيْسَ فِى جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكَـٰفِرِينَ ﴿٣٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اللہ پر جھوٹ بولنے والا سب سے بڑا ظالم ہے

اللہ پر جھوٹ بولا یعنی اس کے شریک ٹھہرائے یا اولاد تجویز کی، یا وہ صفات اسکی طرف منسوب کیں۔ جو واقع میں اس کے لائق نہ تھیں۔ اور جھٹلایا اچھی بات کو جب پہنچی اس کے پاس یعنی انبیاء علیہم السلام جو سچی باتیں خدا کی طرف سے لائے انکو سنتے ہی جھٹلانے لگا۔ سوچنے سمجھنے کی تکلیف بھی گوارہ نہ کی۔ بلاشبہ جو شخص سچائی کا اتنا دشمن ہو اس سے بڑھ کر ظالم کون ہو سکتا ہے اور ایسے ظالموں کا ٹھکانہ دوزخ کے سوا اور کہاں ہو گا۔ عمومًا مفسرین نے آیت کی تفسیر اسی طرح کی ہے۔ مگر حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "یعنی اگر نبی نے (معاذ اللہ) جھوٹ خدا کا نام لیا تو اس سے برا کون۔ اور اگر وہ سچا تھا اور تم نے جھٹلایا۔ تم سے برا کون"۔ گویا مِمَّنۡ کَذَبَ عَلَی اللّٰہِ وَ کَذَّبَ بِالصِّدۡقِ کا مصداق الگ الگ قرار دیا۔ اور ایسا ہی آگے وَ الَّذِیۡ جَآءَ بِالصِّدۡقِ الخ میں آتا ہے۔