مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ زمر آیت 67 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَمَا قَدَرُوا۟ ٱللَّهَ حَقَّ قَدْرِهِۦ وَٱلْأَرْضُ جَمِيعًا قَبْضَتُهُۥ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ وَٱلسَّمَـٰوَٰتُ مَطْوِيَّـٰتٌۢ بِيَمِينِهِۦ ۚ سُبْحَـٰنَهُۥ وَتَعَـٰلَىٰ عَمَّا يُشْرِكُونَ ﴿٦٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

مشرکین اللہ کو نہیں سمجھتے

یعنی مشرکین نے اس کی عظمت و جلال اور بزرگی و برتری کو وہاں تک نہ سمجھا اور ملحوظ نہ رکھا جہاں تک ایک بندہ کو سمجھنا اور ملحوظ رکھنا چاہئے تھا۔ اس کی شان رفیع اور مرتبہ بلند کا اجمالی تصور رکھنے والا کیا عاجز و محتاج مخلوق حتّٰی کہ پتھر کی بیجان مورتیوں کو اس کا شریک تجویز کر سکتا ہے۔ حاشا و کلّا۔ آگے اس کی بعض شؤن عظمت و جلال کا بیان ہے۔

زمین و آسمان ایک مٹھی میں

یعنی جس کی عظمت شان کا یہ حال ہے کہ قیامت کے دن کل زمین اس کی ایک مٹھی میں اور سارے آسمان کاغذ کی طرح لپٹے ہوئے ایک ہاتھ میں ہوں گے، اسکی عبادت میں بیجان یا عاجز و محتاج مخلوق کو شریک کرنا کہاں تک روا ہو گا۔ وہ شرکاء تو خود اسکی مٹھی میں پڑے ہیں۔ جس طرح چاہے ان پر تصرف کرے۔ ذرا کان یا زبان نہیں ہلا سکتے۔ (تنبیہ) مَطۡوِیّٰتٌۢ بِیَمِیۡنِہٖ کے متعلق سورہ "انبیاء" کی آیت یَوۡمَ نَطۡوِی السَّمَآءَ الخ کا حاشیہ دیکھنا چاہئے۔ اور "یمین" وغیرہ کے الفاظ متشابہات میں سے ہیں جن پر بلاکیف ایمان رکھنا واجب ہے بعض احادیث میں ہے ۔ وَکِلْتَا یَدَیْہِ یَمِیْنٌ (اس کے دونوں ہاتھ داہنے ہیں) اس سے تجستُم تحیّز اور جہت وغیرہ کی نفی ہوئی ہے۔