یہودیوں کا گستاخانہ مطالبہ
یہودیوں کے چند سردار آپ کی خدمت میں آئے اورکہا کہ اگر تم سچے پیغمبر ہو تو ایک کتاب لکھی لکھائی یکبارگی آسمان سے لا دو جیسےکہ حضرت موسٰیؑ توریت لائے تھے اس پر یہ آیت نازل ہوئی اور اس تمام رکوع میں الزامات کو ان کے جواب میں ذکر فرمایا ہے۔ اس کے بعد تحقیقی جواب دیا ہے۔ مطلب آیت کا یہ ہے کہ اے محمد ﷺ یہودی جو تم سے عنادًا ایسی کتاب طلب کر تے ہیں ان کی یہ بیباکی اور سرکشی تعجب کی بات نہیں ان کے بزرگوں نے تو اس سے بھی بڑی اور سخت بات اپنے نبی موسٰیؑ سے طلب کی تھی کہ خداوند تعالیٰ کو آشکارا ہم کو دکھا دو ورنہ ہم تمہارا یقین نہ کریں گے جیسا کہ سورہ بقرہ میں گذرا اس پر یہ ہوا کہ ان کہنے والوں پر بجلی آ پڑی اور سب مر گئے پھر حق تعالیٰ نے حضرت موسٰیؑ کی دعا سے ان کو زندہ کر دیا۔ ایسی عظیم الشان نشانیاں دیکھ کر پھریہ کیا کہ بچھڑے کو پوجنے لگے بالآخر حق تعالیٰ نے اس سے بھی درگذر فرمائی سورہ بقرہ میں کسی قدر تفصیل سے مذکور ہو چکا ہے۔
غلبہ یہ کہ حضرت موسٰیؑ نے اس بچھڑے کو تو ذبح کر کے آگ میں جلادیا اور اس کی راکھ ہوا میں دریا پر اڑا دی اور ستر ہزار آدمی بچھڑے کو سجدہ کرنے والے قتل کئے گئے۔