قرآن کے اتباع کے بغیر نجات نہیں
پہلے سے وحی الہٰی اور بالخصوص قرآن مجید کی عظمت اور اس کی حقانیت کا بیان اور اس کی متعابعت اور اتباع کی تاکیدات کا ذکر تھا اسی کے ذیل میں حضرت مسیحؑ کی الوہیت اور ان کے ابن اللہ ہونے کا ذکر کیا تھا جسکے قائل نصاریٰ تھے اس کی تردید اور ابطال کے بعد اب اخیر میں پھر اسی اصلی اور ضروری بات کی سب کو تاکید فرمائی جاتی ہے کہ اے لوگو تمہارے پاس رب العٰلمین کی طرف سے حجۃ کامل اور نور روشن پہنچ چکا جو ہدایت کے لئے کافی اور وافی ہے یعنی قرآن مجید اب کسی تامل اور تردد کی گنجائش نہیں سو جو کوئی اللہ پر ایمان لائے گا اور اس مقدس کتاب کو مضبوط پکڑے گا وہ اللہ کی رحمت اور فضل میں داخل ہو گا اور براہ راست اس تک پہنچے گا جو اس کے خلاف کرے اس کی گمراہی اور خرابی اسی سے سمجھ لیجئے۔