یوم التّناد سے ڈرو
عمومًا مفسرین یَوْمَ التَّنَادِ (ہانک پکار کے دن) سے قیامت کا دن مراد لیتے ہیں جبکہ محشر میں جمع ہونے اور حساب دینے کے لئے سب کی پکار ہو گی۔ اور اہل جنت اہل نار اور اہل اعراف ایک دوسرے کو پکاریں گے اور آخر میں ندا آئے گی۔ یَااَھْلَ الْجَنَّۃِ خُلُوْدٌ لَامَوْتٌ وَیَا اُھْلَ النَّارِ خُلُوْدٌ لَا مَوْتٌ کما ورد فی الحدیث۔ لیکن حضرت شاہ صاحبؒ نے یَوْمَ التَّنَادِ سے وہ دن مراد لیا ہے جس میں فرعونیوں پر عذاب آیا۔ چنانچہ لکھتے ہیں "ہانک پکار کا دن ان پر آیا جس دن بحر قلزم میں غرق ہوئے۔ اس وقت ڈوبتے ہوئے ایک دوسرے کو پکارنے لگے۔ (شاید) یہ اس مرد مومن کو کشف سے معلوم ہوا ہو گا یا قیاس سے کہ ہر قوم پر عذاب اسی طرح آتا ہے"۔