"ساحر" انکے محاورات میں عالم کو کہتے تھے۔ کیونکہ بڑا علم انکے نزدیک یہ ہی سحر تھا۔ شاید اس خوشامد اور لجاجت کی وقت حضرت موسٰیؑ کو بظاہر تعظیمی لقب سے پکارا ہو اور خبث باطن سے اشارہ اس طرف بھی کیا ہو کہ ہم تجھ کو نبی اب بھی نہیں سمجھتے۔ صرف ایک ماہر جادوگر سمجھتے ہیں۔
حضرت موسٰی علیہ السلام سے دعا کی درخواست
یعنی تیرے رب نے جو طریقہ دعا کا بتلایا ہے اور جو کچھ تجھ سے عہد کر رکھا ہے اس کے موافق ہمارے حق میں دعا کر کہ یہ عذاب ہم سے دفع ہو۔ اگر تیری دعا سے ایسا ہو گا تو ہم ضرور راہ پر آجائیں گے۔ اور تیری بات مان لیں گے۔