منافقین کا اعراض
اوپر مومنوں اور کافروں کا حال مذکور تھا۔ ایک قسم کافروں کی وہ ہے جسے منافق کہتے ہیں یعنی ظاہر میں اسلام کا دعوٰی اور باطن میں اس سے انحراف۔ اس آیت میں اس کا ذکر ہے۔ یعنی یہ لوگ بظاہر پیغمبر کی بات سننے کے لئے کان رکھتے ہیں۔ مگر نہ دلی توجہ، نہ سمجھ، نہ یاد، جب مجلس سے اٹھ کر جاتے ہیں تو اہل علم سے کہتے ہیں کہ اس شخص (یعنی پیغمبر علیہ السلام) نے ابھی ابھی کیا بیان کیا تھا۔ شاید اس دریافت کرنے سے مقصود ادھر تعریض کرنا ہو گا کہ ہم انکی بات کو لائق اعتناء نہیں سمجھتے نہ توجہ سے سنتے ہیں۔
یعنی ایسی نالائق حرکتوں کا اثر یہ ہوتا ہے کہ اللہ انکے دلوں پرمہر کر دیتا ہے۔ پھر نیکی کی توفیق قطعًا نہیں ہوتی۔ محض خواہشات کی پیروی رہ جاتی ہے۔