مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مائدہ آیت 109 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

۞ يَوْمَ يَجْمَعُ ٱللَّهُ ٱلرُّسُلَ فَيَقُولُ مَاذَآ أُجِبْتُمْ ۖ قَالُوا۟ لَا عِلْمَ لَنَآ ۖ إِنَّكَ أَنتَ عَلَّـٰمُ ٱلْغُيُوبِ ﴿١٠٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

آیات وصیت کی شان نزول

یہ سوال محشر میں امتوں کے روبرو پیغمبروں سےکیا جائے گا کہ دنیا میں جب تم ان کے پاس پیغام حق لے کر گئے تو انھوں نےکیا جواب دیا اور کہاں تک دعوت الہٰی کی اجابت کی؟ گذشتہ رکوع میں بتلایا تھا کہ خدا کے یہاں جانے سے پہلے بذریعہ وصیت وغیرہ یہاں کا انتظام ٹھیک کر لو۔ اب متنبہ فرماتے ہیں کہ وہاں کی جوابدہی کے لئے تیار رہو۔

حشر میں انبیاء سے اللہ کا سوال

محشر کے ہولناک دن میں جب خدائے قہار کی شان جلالی کا انتہائی ظہو ر ہو گا اکابر و اعاظم کے ہوش بجا نہ رہیں گے اولوالعزم انبیاء کی زبان پر نفسی نفسی ہو گا۔ اس وقت انتہائی خوف و خشیت سے حق تعالیٰ کےسوال کا جواب لَا عِلْمَ لَنَا (ہمیں کچھ خبر نہیں) کے سوا نہ دے سکیں گے۔ پھر جب نبی کریم ﷺ کے طفیل میں سب کی طرف خدا کی نظر لطف و رحمت ہو گی تب کچھ عرض کرنے کی جرأت کریں گے ۔ حسن و مجاہد وغیرہ سے ایسا ہی منقول ہے۔ لیکن ابن عباس کے نزدیک لَا عِلْمَ لَنَا کا مطلب یہ ہے کہ خداوندا! تیرے علم کامل و محیط کےسامنے ہمارا علم کچھ بھی نہیں۔ گویا یہ الفاظ "تادّب معَ اللہ" کے طور پر کہے۔ ابن جریح کے نزدیک لَا عِلْمَ لَنَا سے یہ مراد ہے کہ ہم کو معلوم نہیں کہ ہمارے پیچھے انہوں نے کیا کچھ کیا۔ ہم صرف ان ہی افعال و احوال پر مطلع ہو سکتے ہیں جو ہمارےسامنے ظاہری طور پر پیش آئے تھے۔ بواطن و سرائر کا علم علام الغیوب ہی کو ہے۔ آئندہ رکوع میں حضرت مسیحؑ کی زبانی جو جواب نقل فرمایا ہے وَکُنْتُ عَلَیْھِمْ شَھِیْدًا الخ اس سے آخری معنی کی تائید ہوتی ہے۔ اور صحیح حدیث میں ہےکہ جب حوض پر بعض لوگوں کی نسبت حضور فرمائیں گے ھٰؤلاء اصحابی تو جواب ملے گا لا تدری ما احد ثوابعدک یعنی آپ کو خبر نہیں کہ آپ کے پیچھے انہوں نے کیا حرکات کیں۔