موضح القرآن میں ہے کہ حضرت ابراہیمؑ اپنے باپ کا وطن چھوڑ نکلے اللہ کی راہ میں اور ملک شام میں آ کر ٹھہرے اور مدت تک ان کے اولاد نہ ہوئی تب اللہ تعالیٰ نے بشارت دی کہ تیری اولاد بہت پھیلاؤں گا اور زمین شام انکو دوں گا اور نبوت، دین کتاب اور سلطنت ان میں رکھوں گا۔ پھر حضرت موسٰیؑ کے وقت وہ وعدہ پورا کیا۔ بنی اسرائیل کو فرعون کی بیگار سے خلاص کیا اور اس کو غرق کیا اور ان کو فرمایا کہ جہاد کرو عمالقہ سے ملک شام فتح کر لو پھر ہمیشہ وہ ملک شام تمہارا ہے حضرت موسٰیؑ نے بارہ شخص بارہ قبائل بنی اسرائیل پر سردار کئے تھے ان کو بھیجا کہ اس ملک کی خبر لاویں وہ خبر لائے تو ملک شام کی بہت خوبیاں بیان کیں اور وہاں جو عمالقہ مسلط تھے ان کا زور و قوت بیان کیا حضرت موسٰیؑ نے ان کو کہا کہ تم قوم کے سامنے ملک کی خوبی بیان کرو اور دشمن کی قوت کا ذکر مت کرو۔ ان میں سے دو شخص اس حکم پر رہے اور دس نے خلاف کیا۔ قوم نے سنا تو نامردی کرنے لگی اور چاہا کہ پھر الٹے مصر چلے جائیں۔ اس تقصیر کی وجہ سے چالیس برس فتح میں دیر لگی۔ اس قدر مدت جنگلوں میں بھٹکتے پھرتے رہے ۔ جب اس قرن کے لوگ مر چکے مگر وہ دو شخص کہ وہ ہی حضرت موسٰیؑ کے بعد خلیفہ ہوئے ان کے ہاتھ سے فتح ہوئی۔
بنی اسرائیل پر اللہ کی نعمتوں کا ذکر
یعنی تمہارے جد اعلیٰ حضرت ابراہیمؑ سے لے کر آج تک کتنے نبی تم میں پیدا کئے۔ مثلًا حضرت اسمٰعیلؑ، اسحٰقؑ، یعقوبؑ، یوسفؑ، اور خود موسٰیؑ و ہارونؑ پھر ان کے بعد بھی یہ ہی سلسلہ مدت دراز تک ان میں قائم رکھا۔
یعنی فرعونیوں کی ذلیل ترین غلامی سے آزادی دلا کر انکے اموال و املاک پر قابض کیا اور اس سے پہلے تم ہی میں سے حضرت یوسفؑ کو مصر کے خزائن اور سلطنت پر کیسا تسلط عطا فرمایا۔ پھر مستقبل میں بھی حضرت سلیمان وغیرہ نبی اور بادشاہ پیدا کئے۔ گویا دین اور دنیا دونوں کی اعلیٰ نعمتوں سے تم کو سرفراز کیا کیونکہ دینی مناصب میں سب سے بڑا منصب نبوت اور دنیوی اقبال کی آخری حد آزادی اور بادشاہت ہے یہ دونوں چیزیں مرحمت کی گئیں۔
یعنی اس وقت جب موسٰیؑ کو یہ خطاب فرما رہے تھے بنی اسرائیل پر تمام دنیا کے لوگوں سے زیادہ خدا کی نوازشیں ہوئیں اور اگر اَحَدًا مِّنَ الۡعٰلَمِیۡنَ کو عموم پر حمل کیا جائےتو یہ اس لئے صحیح نہ ہوگا کہ امت محمدیہ کی نسبت خود قرآن میں تصریح ہے۔ کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ اُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ (آل عمران۔۱۱۰) اور کَذٰلِکَ جَعَلۡنٰکُمۡ اُمَّۃً وَّسَطًا لِّتَکُوۡنُوۡا شُہَدَآءَ عَلَی النَّاسِ (بقرہ۔۱۴۳)۔