بیہودہ قسموں کا بیان
یعنی ان پر دنیا میں کفارہ نہیں۔ جیسا کہ یمین منعقدہ میں واجب ہے لغو و بیہودہ قسم کی تفسیر پارہ سیقول کے اواخر میں گذر چکی چونکہ اوپر تحریم طیبات کا ذکر تھا اور تحریم کی ایک قسم یمین بھی ہے اس لئے یمین کے احکام بیان کئے جاتے ہیں۔
کفارہ یمین
یعنی قسم توڑنے کے بعد یہ کفارہ دیا جائے گا۔ کھانا دینے میں اختیار ہے خواہ دس مساکین کو گھر بٹھلا کر کھانا کھلادے یا صدقہ فطر کے برابر ہر مسکین کو غلہ یا اس کی قیمت ادا کر دے۔
اس قدر جس سے بدن کا اکثر حصہ ڈھک جائے ۔مثلًا کرتہ اور پاجامہ یا لنگی اور چادر۔
یعنی ایک بردہ آزاد کرنا۔ اس میں مومن ہونا شرط نہیں۔
یعنی متواتر روزے تین دن کے رکھے اور میسر نہ ہونے سے مراد یہ ہے کہ صاحب نصاب نہ ہو کما فی روح المعانی۔
قسموں کی حفاظت یہ ہے کہ بےضرورت بات بات پر قسمیں نہ کھائے۔ یہ عادت بھلی نہیں۔ اور اگر قسم کھائی تو تا مقدور پوری کرے۔ اور اگر کسی وجہ سے توڑے تو کفارہ ادا کرے۔ یہ سب چیزیں حفاظت یمین میں داخل ہیں۔
کتنا بڑا احسان ہے کہ ہم نے طیبات سے گریز کیا تو اس گریز سے منع فرمایا۔ اور اگر کسی نےغلطی سےطیبات کو اپنے اوپر حرام ہی کر لیا تو اس کو حفاظت یمین کے ساتھ اس سےحلال ہونے کا طریقہ بھی بتلا دیا۔