جنوں کو شریک ٹھہرانے کا مطلب
یا تو جن سے مراد یہاں شیاطین ہیں چونکہ کفر و شرک کا ارتکاب شیطان کے اغواء سے ہوتا ہے اس لئے اس کے اغواء و اضلال سے غیر اللہ کی عبادت کرنا گویا اسی کی عبادت ہوئی۔ ابراہیمؑ نے بت پرستی کا رد کرتے ہوئےفرمایا یٰۤاَبَتِ لَا تَعۡبُدِ الشَّیۡطٰنَ (مریم۔۴۴) دوسری جگہ ارشاد ہے اَلَمۡ اَعۡہَدۡ اِلَیۡکُمۡ یٰبَنِیۡۤ اٰدَمَ اَنۡ لَّا تَعۡبُدُوا الشَّیۡطٰنَ (یٰس۔۶۰) (ملائکہ قیامت میں فرمائیں گے۔ قَالُوۡا سُبۡحٰنَکَ اَنۡتَ وَلِیُّنَا مِنۡ دُوۡنِہِمۡ ۚ بَلۡ کَانُوۡا یَعۡبُدُوۡنَ الۡجِنَّ (سبا۔۴۱) اور یا جِن سے مراد قوم جِن لی جائے جنکے بعض سرداروں سے اہل جاہلیت استعانت و تعوذ کیا کرتے تھے۔ وَّ اَنَّہٗ کَانَ رِجَالٌ مِّنَ الۡاِنۡسِ یَعُوۡذُوۡنَ بِرِجَالٍ مِّنَ الۡجِنِّ فَزَادُوۡہُمۡ رَہَقًا (جن۔۶) بہرحال وہ خود ہماری طرح خدا کی عاجز مخلوق ہے پھر مخلوق ہو کر خالق کا شریک کیسے ہو سکتا ہے۔
نصاریٰ حضرت مسیحؑ کو بعض یہود حضرت عزیزؑ کو خدا کا بیٹا اور مشرکین ملائکۃ اللہ کو خدا کی بیٹیاں کہتے تھے۔
یعنی پاک ہے شرکت سے اور اس کی شان بہت بلند ہے ترکیب و تحلیل سے پھر باپ بیٹے کا تصور وہاں کیسے ہو سکتا ہے۔