ایک اشکال اور اس کا جواب
اوپر جن و انس کی شرارتوں اور سزا کا بیان تھا اور اولیاء الجن کی زبانی فی الجملہ معذرت بھی نقل کی گئ تھی۔ اب بتلایا جا تا ہے کہ ان کا کوئی عذر معقول اور قابل سماعت نہیں۔ دنیا میں خدا کی حجت تمام ہو چکی تھی جس کا خود انہیں بھی اقرار کرنا پڑے گا۔ یہ خطاب یٰمَعْشَرَالْجِنِّ وَالْاِنْسِ کا قیامت کے دن ہوگا اور مخاطب جن و انس کا یعنی کل مکلفین کا مجموعہ ہے ہر جماعت الگ الگ مخاطب نہیں جو یہ اعتراض ہو کہ رسول تو ہمیشہ انسانوں میں آئے قوم جن میں سےکوئی پیغمبر نہیں بھیجا گیا۔ پھر رُسُلٌ مِّنْکُمْ (رسول تم ہی میں کے) کہنا کیسے صحیح ہوگا۔ اصل یہ کہ مجموعہ مخاطبین میں سے اگر کسی نوع میں بھی ایتان رسل متحقق ہو جائے جس کی غرض تمام مخاطبین کو بلا تخصیص فائدہ پہنچنا ہو تو مجموعہ کو خطاب کرنے میں کوئی اشکال نہیں رہتا۔ مثلًا کوئی یہ کہے "اے عرب و عجم کے باشندو اور پورب پچھم کے رہنے والو کیا تم ہی میں سے خدا نے محمد ﷺ جیسےکامل انسان کو پیدا نہیں کیا۔" اس عبارت کا مطلب کسی کے نزدیک یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک محمد ﷺ تو عرب میں پیدا کئے گئے اور دوسرے عجم میں ہونے چاہئیں اسی طرح پورب کے علیحدہ اور پچھم کے علیحدہ محمد ہوں تب یہ عبارت صحیح ہو گی، علیٰ ہذا القیاس یہاں سمجھ لیجئے کہ یٰمَعْشَرَالْجِنِّ وَالْاِنْسِ اَلَمْ یَاْتِکُمْ الخ کا مدلول صرف اس قدر ہے کہ جن و انس کے مجموعہ میں سے پیغمبر بھیجے گئے۔ باقی یہ تحقیق کہ ہر نوع میں سے الگ الگ آئے یا ہر ایک پیغمبر کل افراد جن و انس کی طرف مبعوث ہوا یہ آیت اس کے بیان سے ساکت ہے دوسری نصوص سے جمہور علماء نے یہ ہی قرار دیا ہے کہ نہ ہر ایک پیغمبر کی بعثت عام ہے اور نہ کسی جن کو اللہ نے مستقل رسول بنا کر بھیجا۔ جنات انسان کے تابع بنائے گئے ہیں: اکثر معاشی و معادی معاملات میں ان کو حق تعالیٰ نےانسانوں کے تابع بنا رکھا ہے جیسا کہ سورہ جن کی آیات اور نصوص حدیثیہ وغیرہ اس پر دلالت کرتی ہیں۔ یہ کوئی ضابطہ نہیں کہ مخلوق کی ہر نوع کے لئے اسی نوع کا کوئی شخص رسول ہوا کرے باقی انسانوں کی طرف فرشتہ کو رسول بنا کر بھیجنے سے جو قرآن کے متعدد مواضع میں انکار کیا گیا ہے اس کا اصلی منشاء یہ ہے کہ عام انسان بہئیت الاصلیہ اس کی رویت کا تحمل نہیں کر سکتے اور بےاندازہ خوف و ہیبت کی وجہ سے مستفید نہیں ہو سکتے اور بصورت انسان آئیں تو بےضرورت التباس رہتا ہے۔ اسی پر قیاس کر لو کہ اگر قوم جن میں منصب نبوت کی اہلیت ہوتی تو بھی انسانوں کے لئے مبعوث نہیں کئے جا سکتے تھے۔ کیونکہ وہاں بھی یہ ہی اشکال تھا۔ ہاں رسول انسی کا جن کی طرف مبعوث ہونا اس لئے مشکل نہیں کہ جنوں کےحق میں انسان کی رویت نہ تو ناقابل تحمل ہے اور نہ انسان کا صوری خوف و رعب استفادہ سے مانع ہو سکتا ہے۔ ادھر پیغمبر کو حق تعالیٰ وہ قوت قلبی عطا فرما دیتا ہے کہ اس پر جن جیسی ہیبتناک مخلوق کا کوئی رعب نہیں پڑتا۔
یعنی دنیا کی لذات و شہوات نے انہیں آخرت سے غافل بنا دیا۔ کبھی خیال بھی نہ آیا کہ اس احکم الحاکمین کے سامنے جانا ہے جو ذرہ ذرہ کا حساب لے گا۔
کفار کا آخرت میں اقرار کفر
اس سورت میں اوپر مذکور ہوا کہ اول کافر اپنے کفر کا انکار کریں گے۔ پھر حق تعالیٰ تدبیر سے ان کو قائل کرے گا۔