نفع و نقصان اللہ کے ہاتھ میں ہے
جب یہ فرمایا کہ خدا ہی سب نفع و ضرر کا مالک تمام بندوں پر غالب و قاہر اور رتی رتی سے خبردار ہے تو اس کی شہادت سے زبردست اور بےلوث شہادت کس کی ہو سکتی ہے۔ پس میں بھی اپنے تمہارے درمیان اس کو گواہ ٹھہراتا ہوں۔ کیونکہ میں نے دعویٰ رسالت کر کے جو کچھ اس کے پیغامات تم کو پہنچائے اور جو کچھ تم نے اس کے جواب میں میرے ساتھ اور خود پیغام ربانی کے ساتھ برتاؤ کیا وہ سب اس کی آنکھ کےسامنے ہے وہ خود اپنے علم محیط کے موافق میرا اور تمہار فیصلہ کر دے گا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا شرک سے برأت کا اعلان
یعنی اگر سمجھو تو میرے صدق پر خدا کی یقینی اور کھلی ہوئی شہادت یہ قرآن موجود ہے جو اپنے کلام الہٰی ہونے پر خود ہی اپنی دلیل ہے آفتاب آمد دلیل آفتاب۔ میرا کام یہ ہےکہ تم کو اور ہر اس شخص کو جسے یہ کلام پہنچے خدائی پیغام سے خبردار کر دوں جس میں توحید و معاد وغیرہ تمام اصول دین کی ہدایت کی گئ ہے کیا اس قدر اتمام حجت ہو چکنے اور ایسا قطعی اور صریح پیغام توحید سننے کےبعد بھی تم یہ ہی کہتے رہو گے کہ خدا کےسوا اور بھی معبود ہیں۔ تم کو اختیار ہے جو چاہو کہو۔ میں تو کبھی ایسا حرف زبان پر نہیں لا سکتا بلکہ صاف صاف اعلان کرتا ہوں کہ لائق عبادت صرف وہ ہی ایک خدا ہے۔ باقی جو کچھ تم شرک کرتے ہو میں اس سے قطعًا بیزاری اور نفرت کا اظہار کرتا ہوں۔ (تنبیہ) وَمَنْ بَلَغَ نے بتلا دیا کہ نبی کریم ﷺکی رسالت تمام جن و انس اور مشرق و مغرب کے لئے ہے۔