آخرت میں مشرکین کا افسوس و ندامت
یعنی اب بھی دنیا میں واپس جانے کی تمناعزم صحیح اور ایمانی رغبت و شوق سے نہیں بلکہ جب مجازاۃ و مکافات عمل کا وہ منظر سامنے آ گیا جسے باوجود وضوح ادلہ انکارکے پردہ میں چھپایا کرتے تھے عذاب الہٰی کو آنکھوں سے دیکھ لیا تمام اعمال شنیعہ کا جو چھپ چھپ کر کئے جاتے تھے راز فاش ہو گیا، ابھی ابھی جو وَ اللّٰہِ رَبِّنَا مَا کُنَّا مُشۡرِکِیۡنَ کہہ چکے تھے اس جھوٹ کی بھی قلعی کھل گئی۔ غرضیکہ بدی کے جو اثرات مخفی اور غیر مرئی طور پر اندر ہی اندر ان نالائقوں کے دلوں میں پرورش پا رہے تھے وہ دردناک عذاب کی صورت میں ممثل ہو کر سامنے آ گئے۔ تو محض جان بچانے کے لئے دوبارہ دنیا میں واپس کئےجانے کی تمنا کرنے لگے۔
مشرکین جھوٹے ہیں
یعنی اب بھی جھوٹ کہتے ہیں کہ ہم دنیا میں واپس ہو کر پکے ایماندار بن جائیں گے اور ہرگز آیات اللہ کی تکذیب نہ کریں گے یہ اشقیاء اگر دنیا میں واپس کر دیے جائیں تو بدی اور شرارت کی جو قوتیں ان میں رکھی ہیں پھر انہی کو کام میں لائیں گے اور جس مصیبت سے گھبر اکر واپس جانے کی تمنا کر رہے ہیں اسے خواب و خیال کی طرح فراموش کر دیں گے۔ جیسا کہ بسا اوقات دنیوی مصائب و مہالک میں پھنس کر آدمی انابت و توبہ اختیار کر لیتا ہے پھر جہاں چند روز گذرے کچھ بھی یاد نہیں رکھتا کہ اس وقت کیا عہدو پیمان کئے تھے۔ کان لم ید عنا الی ضرمسہ۔