بعثت انبیاء کا مقصد
یعنی تم جو عذاب الہٰی سے نڈر اور بےفکر ہو کر بےہودہ فرمائشیں اور دورازکار سوالات کر کے پیغمبر ﷺ کو دق کرتے اور ان کی تصدیق کے لئے خودساختہ معیار تراشتے ہو خوب سمجھ لو کہ پیغمبر دنیا میں اس لئے نہیں بھیجے گئے کہ تمہاری ایسی واہی تباہی فرمائشیں پوری کرتے رہا کریں۔ ان کی بعثت کی غرض صرف "تبشیر و انداز" اور "تبلیغ و ارشاد" ہے۔ وہ خدا کی طرف سے اس لئے بھیجے جاتے ہیں کہ فرمانبرداروں کو بشارات سنائیں اور نافرمانوں کو ان کے انجام بد پر متنبہ کر دیں آگے ہر شخص کی کمائی اس کے ساتھ ہے جس نے انبیاءؑ کی باتوں پر یقین کیا اور اعتقادًا و عملًا اپنی حالت درست کر لی حقیقی امن اور چین اس کو نصیب ہوا اور جس نے خدا کی آیات کو جھٹلا کر ہدایت الہٰی سے روگردانی کی وہ نافرمانی اور بغاوت کی وجہ سے سخت تباہی اور عذاب عظیم کے نیچے آ گیا۔ العیاذ باللہ۔