ظلم اور شرک
احادیث صحیحہ میں منقول ہے کہ نبی کریم ﷺ نے یہاں ظلم کی تفسیر شرک سے فرمائی جیسا کہ سورہ لقمان میں ہے اِنَّ الشِّرْکَ لَظُلْمٌ عَظِیْمٌ (لقمان۔۱۳) گویا ظلم کی تنوین عظیم کے لئے ہوئی۔ تو حاصل مضمون یہ ہوگا کہ مامون و مہتدی صرف وہ ہی لوگ ہو سکتے ہیں جو یقین لائے اس طرح کہ اس میں شرک کی ملاوٹ بالکل نہ ہو۔ اگر خدا پر یقین رکھنے کے باوجود شرک کو نہ چھوڑا تو وہ نہ ایمان شرع ہے نہ اس کےذریعہ سے امن و ہدایت نصیب ہو سکتی ہے۔ وہو کما قال وَ مَا یُؤۡمِنُ اَکۡثَرُہُمۡ بِاللّٰہِ اِلَّا وَ ہُمۡ مُّشۡرِکُوۡنَ (یوسف۔۱۰۶) چونکہ ایمان و شرک کا جمع ہونا بظاہر مستبعد تھا اس لئے مترجم محقق قدس سرہٗ نے بغرض تسہیل و تفہیم ایمان کا ترجمہ یقین سے اور ظلم کا نقصان سے کیا جو لغت عرب کے عین مطابق ہے۔ کما فی قولہ تعالیٰ لَمۡ تَظۡلِمۡ مِّنۡہُ شَیۡئًا (الکہف۔۳۳) اور اس نقصان سے مراد شرک ہی لیا جائےگا۔ جیسا کہ احادیث میں تصریح ہو چکی اور خود نظم کلام میں لفظ لَبس اس کا قرینہ ہے۔ اس کی مفصل تحقیق خود مترجمؒ مقدمہ میں فرما چکے ہیں وہاں دیکھ لیا جائے۔