مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ اعراف آیت 150 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَمَّا رَجَعَ مُوسَىٰٓ إِلَىٰ قَوْمِهِۦ غَضْبَـٰنَ أَسِفًا قَالَ بِئْسَمَا خَلَفْتُمُونِى مِنۢ بَعْدِىٓ ۖ أَعَجِلْتُمْ أَمْرَ رَبِّكُمْ ۖ وَأَلْقَى ٱلْأَلْوَاحَ وَأَخَذَ بِرَأْسِ أَخِيهِ يَجُرُّهُۥٓ إِلَيْهِ ۚ قَالَ ٱبْنَ أُمَّ إِنَّ ٱلْقَوْمَ ٱسْتَضْعَفُونِى وَكَادُوا۟ يَقْتُلُونَنِى فَلَا تُشْمِتْ بِىَ ٱلْأَعْدَآءَ وَلَا تَجْعَلْنِى مَعَ ٱلْقَوْمِ ٱلظَّـٰلِمِينَ ﴿١٥٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت موسٰی علیہ السلام کا غم و غصہ

کیونکہ حق تعالیٰ نے طُور ہی پر اطلاع دے دی تھی کہ سامری نے تیری قوم کو گمراہ کر دیا ہے۔ یہ سن کر موسٰیؑ سخت متاسف اور غضبناک ہوئے۔

یہ خطاب عبّاد عجل (گوسالہ پرستوں) کو تھا۔ یعنی میرے پیچھے تم نے خوب میری قائم مقامی کی۔ جس بات پر میں سب سے زیادہ زور دیتا تھا (خد اکی توحید و تفرید) اس کی جگہ تم نے بچھڑے کی پوجا یہ کہہ کر کھڑی کر دی کہ ہٰذَاۤ اِلٰـہُکُمۡ وَ اِلٰہُ مُوۡسٰی (طٰہٰ۔۸۸) (فی الحقیقت یہ ہی تمہارا اور موسٰی کا معبود ہے) اور ممکن ہے خطاب ہارونؑ کو بھی ہو کہ تم نے میری نیابت کا حق جو اخۡلُفۡنِیۡ فِیۡ قَوۡمِیۡ کہہ کر سپرد کر گئے تھے۔ اچھی طرح ادا نہ کیا کہ ان کو روکتے اور مضبوطی سے اس فتنہ کا مقابلہ کرتے، جیسا کہ سورہ طٰہٰ میں مفصل آئے گا۔

یعنی میں پروردگار سے تمہارے لئے احکام ہی لینے تو گیا تھا اور چالیس روز کی میعاد بھی خدا نے مقرر کر دی تھی تم نے خدا کی مقرر کی ہوئی مدت پوری ہونے اور اس کے احکام لے آنے کا بھی انتظار نہ کیا۔ کچھ بہت زمانہ تو نہیں گذر گیا تھا جو تم نے گھبرا کر اس قدر جلد خدا کے قہر و غضب کو اپنی طرف آنے کی دعوت دی۔ اَفَطَالَ عَلَیۡکُمُ الۡعَہۡدُ اَمۡ اَرَدۡتُّمۡ اَنۡ یَّحِلَّ عَلَیۡکُمۡ غَضَبٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ فَاَخۡلَفۡتُمۡ مَّوۡعِدِیۡ (طہ۔۸۶)۔

حضرت موسٰی علیہ السلام کی حضرت ہارون علیہ السلام سے بازپرس

حضرت موسٰیؑ اس مشرکانہ ڈھونگ کر دیکھ کر اور ہارونؑ کی نرمی و تساہل کا گمان کر کے اس قدر افروختہ اور دینی حمیت و غیرت کے جوش سے اس قدر بےقابو ہو رہے تھے کہ ہارونؑ کی طرف لپکے اور حرارت ایمانی کے بے اندازہ جوش میں ان کی داڑھی اور سر کے بال پکڑ لئے۔ معاذاللہ ہارونؑ کی اہانت کی نیت سے نہیں کیونکہ ہارونؑ خود مستقل نبی اور عمر میں موسٰیؑ سے تین سال بڑے تھے۔ پھر ایک اولو العزم پیغمبر سے یہ کیسے ممکن تھا کہ دوسرے نبی کی جو اس کا بڑا بھائی بھی ہو ذرہ برابر توہین کا ارادہ کرے۔ نہیں موسٰیؑ کی طرف سے یہ معاملہ اس وقت ہوا جبکہ وہ قوم کی سخت بدعنوانی کی بنا پر بغض فی اللہ اور غصہ سے بےاختیار ہو رہے تھے۔ حضرت ہارونؑ کی نسبت یہ خیال گذر رہا تھا کہ شاید انہوں نے اصلاح حال کی پوری کوشش نہیں کی۔ حالانکہ ان کو اصلاح کی بڑی تاکید کر گئے تھے۔ بیشک ہارونؑ نبی اور عمر میں بڑے تھے مگر رتبہ میں موسٰیؑ ان سے بڑے تھے اور سیاسی و انتظامی حیثیت سے ہارونؑ کو ان کا وزیر اور تابع بنایا گیا تھا اس موقع پر موسٰیؑ کی شان سیادت و حکومت کا ظہور ہوا۔ گویا ان کی طرف سے یہ داروگیر اور سخت بازپرس حضرت ہارونؑ کی تقصیر مظنون پر ایک قسم کی فعلی ملامت تھی۔ جس سے قوم کو بھی پوری طرح متنبہ کر دیا گیا کہ پیغمبرکا قلب نشہ توحید سے کس قدر سرشار اور دسیسہ شرک و کفر سے کس قدر نفور و بیزار ہوتا ہے کہ اس معاملہ میں ادنیٰ ترین تساہل یا خاموشی کو بھی برداشت نہیں کر سکتے حتیٰ کہ ایک نبی کی نسبت اگر ایسا وہم ہو جائے کہ اس نے شرک کے مقابلہ پر آواز بلند کرنے میں ذرا سی کوتاہی کی ہے تو اس کی بزرگی اور وجاہت عنداللہ بھی ایسی سخت بازپرس سے ان کو نہیں روک سکتی۔ بہرحال موسٰیؑ اس حالت میں شرعًا معذور تھے۔ اسی فرط غضب اور ہنگامہ دارو گیر میں الواح (وہ تختیاں جو خدا کی طرف سے مرحمت ہوئی تھیں) ان کے ہاتھ سے چھوٹ گئیں۔ جسے عدم تحفظ کی وجہ سے تغلیظًا "القاء" سے تعبیر فرمایا کیونکہ بظاہر "خذھا بقوۃٍ" کا امتثال نہ کر سکے۔ یا جیسا کہ بعض مفسرین کا خیال ہے ہارونؑ کی طرف بڑھتے وقت ہاتھ خالی کرنے کے لئے بہت تیزی اور عجلت کے ساتھ تختیاں ایک طرف رکھ دیں۔ مگر چونکہ ان دونوں معاملات کی سطح جو ہارونؑ یا الواح کے متعلق ظہور میں آئے صورۃً پسندیدہ نہ تھی گو موسٰیؑ نیۃً معذور تھے اس لئے آیندہ رَبِّ اغْفِرْلِیْ الخ کہہ کر حق تعالیٰ سے عفو کی درخواست کی واللہ سبحانہ و تعالیٰ اعلم۔

حضرت ہارون علیہ السلام کا جواب اور معذرت

گو ہارونؑ حضرت موسٰیؑ کے عینی بھائی ہیں۔ مگر ماں کی طرف نسبت کرنے سے ان کو نرمی اور شفقت پر آمادہ کرنا تھا اس آیت میں ہارونؑ کی معذرت کا بیان ہے۔ حاصل یہ ہے کہ میں اپنے مقدور کے موافق ان کو سمجھا چکا۔ لیکن انہوں نے میری کچھ حقیقت نہ سمجھی۔ الٹے مجھے قتل کرنے پر آمادہ ہونے لگے۔ اب آپ ایسا معاملہ کر کے ان کو مجھ پر ہنسنے کا موقع نہ دیجئے اور عتاب و غصہ کا اظہار کرتے وقت مجھ کو ظالموں کے ذیل میں شامل نہ کیجئے۔