مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ اعراف آیت 29 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قُلْ أَمَرَ رَبِّى بِٱلْقِسْطِ ۖ وَأَقِيمُوا۟ وُجُوهَكُمْ عِندَ كُلِّ مَسْجِدٍ وَٱدْعُوهُ مُخْلِصِينَ لَهُ ٱلدِّينَ ۚ كَمَا بَدَأَكُمْ تَعُودُونَ ﴿٢٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

فواحش کی مذمت

روح المعانی میں ہے القسط علی ما قال غیر واحد العدل و ہوا لوسط من کل شیٔ المتجافی عن طرفی الافراط و التفریط آیت کا حاصل یہ ہوا کہ حق تعالیٰ نے ہر کام میں توسط و اعتدال پر رہنے اور افراط و تفریط سے بچنے کی ہدایت کی ہے پھر بھلا فواحش کا حکم کیسے دے سکتے ہیں۔

اخلاص کا حکم

مترجم محقق نے مَسْجِدٍ کو غالبًا مصدر میمی بمعنی سجود لے کر تجوزًا نماز کا ترجمہ کیا ہے اور "وجوہ" کو اپنے ظاہر پر رکھا ہے۔ یعنی نماز ادا کرنے کے وقت اپنا منہ سیدھا (کعبہ کی طرف) رکھو۔ مگر دوسرے بعض مفسرین وَ اَقِیۡمُوۡا وُجُوۡہَکُمۡ سے یہ مراد لیتے ہیں کہ خدا کی عبادت کی طرف ہمیشہ استقامت کے ساتھ دل سے متوجہ رہو۔ ابن کثیرؒ کے نزدیک اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنی عبادات میں سیدھے رہو۔ جو راستہ پیغمبرﷺ کا ہے اس سے ٹیڑھے ترچھےنہ چلو۔ عبادت کی مقبولیت دو ہی چیزوں پر موقوف تھی خدا کے لئے ہو۔ جس کو آگے فرمادیا۔ وَّ ادۡعُوۡہُ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ اور اس مشروع طریق کے موافق ہو جو انبیاء و مرسلینؑ نے تجویز فرمایا ہے۔ اس کو اَقِیۡمُوۡا وُجُوۡہَکُمۡ میں ادا کیا گیا۔ بہرحال اس آیت میں اوامر شرعیہ کی تمام انواع کی طرف اشارہ کر دیا ہے جو بندوں کے معاملات سے متعلق ہیں وہ سب "قسط" میں آ گئے اور جن کا تعلق خدا سے ہے اگر قالبی ہیں تو اَقِیۡمُوۡا وُجُوۡہَکُمۡ میں اور قلبی ہیں تو وَّ ادۡعُوۡہُ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ میں مندرج ہو گئے۔

یعنی انسان کو اعتدال، استقامت اور اخلاص کی راہوں پر چلنے کی اس لئے ضرورت ہے کہ موت کے بعد دوسری زندگی ملنے والی ہے جس میں موجودہ زندگی کے نتائج سامنے آئیں گے اس کی فکر ابھی سے ہونی چاہیئے۔ وَ لۡتَنۡظُرۡ نَفۡسٌ مَّا قَدَّمَتۡ لِغَدٍ ۔ (الحشر۔۱۸)