ایک شبہ اور اس کا جواب
بظاہر شبہ ہوتا ہے کہ جب وعدہ کا وقت آ پہنچا تو تاخیر کا امکان عقلی تھا اس لئے نفی ضروری ہوئی مگر تقدیم تو عقلًا ممکن ہی نہیں۔ اس کی نفی سےکیا فائدہ ہے۔ اسی شبہ کی وجہ سے بعض مفسرین نے لَا یَسْتَقْدِمُوْنَ کا عطف شرطیہ اِذَا جَآءَ اَجَلُہُمۡ الخ پر مانا ہے اور بعض نے جَآءَ اَجَلُہُمۡ سے قرب و دنو مراد لیا ہے میرے نزدیک ان تکلفات کی حاجت نہیں۔ محاوارت میں کسی ایسی چیز کو جس کے مقابل دو طرفیں ہوں ، زور اور تاکید سے ثابت کرنے کےلئے بسا اوقات ایک طرف کی جو محتمل الثبوت ہو۔ نفی مقصودًا کی جاتی ہے اور دوسری طرف کی جو پہلے سےغیر محتمل ہے، نفی کو محض مبالغہ تاکید اور تحیسن کلام کےطور پر استطرادًا ذکر کر دیتے ہیں۔ ایک خریدار دوکاندار سے کسی چیز کی قیمت معلوم کر کےکہتا ہے کہ "کچھ کم و بیش" وہ دوکاندار بھی کہہ دیتا ہے کہ "کم و بیش نہیں ہو سکتا" دونوں جگہ "کم" کا ذکر مقصود ہے اور "بیش" کا لفط محض تعین قیمت کی تاکید و مبالغہ کے لئے استطرادًا ذکر کیا گیا ہے۔ یہاں غرض اصلی کلام سے یہ ہے کہ خدا کا وعدہ جب آ پہنچےتو پھر اٹل ہے ایک منٹ کی تقدیم و تاخیر نہیں ہو سکتی۔ مقصود تاخیر کی نفی کرنا ہے۔ تقدیم جو پہلے سے ظاہر الانتفاء تھی اس کی نفی کرنا محض وعدہ کے اٹل ہونے پر زور ڈالنے کا ایک پیرایہ ہے۔ یعنی خدا پر افترا کرنے والے اور اس کی طرف نسبت کر کے حرام کو حلال بنانے والے خدا کی ڈھیل پر مغرور و بےفکر نہ ہوں، ہر امت اور ہر فرد کی خدا کے یہاں ایک معین مدت ہے، جب سزا کی گھڑی آ جائے گی پھر ٹل نہ سکے گی۔