مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ اعراف آیت 60 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قَالَ ٱلْمَلَأُ مِن قَوْمِهِۦٓ إِنَّا لَنَرَىٰكَ فِى ضَلَـٰلٍ مُّبِينٍ ﴿٦٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بت پرستی کی ابتداء

آدمؑ کا قصہ ابتدائے سورت میں گذر چکا ان کے بعد نوحؑ پہلے اولوالعزم اور مشہور رسول ہیں زمین والوں کی طرف مشرکین کے مقابلہ میں بھیجے گئے۔ گو باعتبار اپنی خاص شریعت کے ان کی بعثت خاص اپنی قوم کی طرف مانی جائے۔ تاہم ان اساسی اصول کے اعتبار سے جو تمام انبیاء علیہم السلام کی تعلیم میں مشترک ہیں کہا جا سکتا ہے کہ تمام انسان ہر نبی کے مخاطب ہوتے ہیں۔ مثلًا توحید اور اقرار معاد کی تعلیم پر سارے پیغمبر متفق اللسان ہیں، تو ایسی چیزوں کی تکذیب کرنا فی الحقیقت تمام انبیاء کی تکذیب کرنا ہے۔ بہرحال نوحؑ نے توحیدوغیرہ کی عام دعوت دی کہتے ہیں کہ آدمؑ کے بعد دس قرن ایسے گذرے کہ ساری اولاد آدم کلمہ توحید پر قائم تھی۔ بت پرستی کی ابتداء ابن عباس کے بیان کے موافق یوں ہوئی کہ بعض صالحین کا انتقال ہو گیا جن کے نام ودّ، سواع، یغوث، یعوق، نسر تھے، جو سورہ نوح میں مذکور ہیں۔ لوگوں نے ان کی تصویریں بنا لیں تاکہ ان کے احوال و عبادات وغیرہ کی یاد تازہ رہے۔ کچھ مدت کے بعد ان صورتوں کے موافق مجسمے تیار کر لئے۔ حتٰی کہ کچھ دنوں کے بعد انکی عبادت ہونے لگی ۔ اور یہ بت انہی بزرگوں کے نام سے موسوم کئے گئے۔ حضرت نوح علیہ السلام: جب بت پرستی کی وبا پھیل گئ تو حق تعالیٰ نے حضرت نوحؑ کو بھیجا۔ انہوں نے طوفان سے پہلے اپنی قوم کو ساڑھے نو سو برس تک توحید و تقویٰ کی طرف بلایا اور دنیا و آخرت کے عذاب سے ڈرایا۔ مگر لوگوں نے ان کی تضلیل و تجہیل کی اور کوئی بات نہ سنی۔ آخر طوفان کے عذاب نے سب کو گھیر لیا۔ اور جیسا کہ نوحٰؑ نے دعا کی تھی لَا تَذَرۡ عَلَی الۡاَرۡضِ مِنَ الۡکٰفِرِیۡنَ دَیَّارًا (نوح۔۲۶) روئے زمین پر کوئی کافر عذاب الہٰی سے نہ بچا۔ بستانی نے "دائرۃ المعارف" میں یورپین محققین کے اقوال طوفان اور عموم طوفان سے متعلق نقل کئے ہیں۔