حضرت لوط علیہ السلام
لوطؑ حضرت ابراہیمؑ خلیل اللہ کے بھتیجے ہیں جو ان کےساتھ عراق سے ہجرت کر کے ملک شام میں تشریف لائے اور خدا کی طرف سے سدوم اور اس کے گردونواح کی بستیوں کی طرف مبعوث ہوئے تاکہ ان کی اصلاح فرمائیں اور ان گندے، خلاف فطرت اور بےحیائی کے کاموں سے باز رکھیں جن میں وہاں کےلوگ مبتلا تھے۔ نہ صرف مبتلا بلکہ اس بےحیائی کے موجد تھے ان سے پیشتر عالم میں اس بیماری سےکوئی واقف نہ تھا۔ اولًا یہ ملعون حرکت شیطان نے سدوم والوں کو سمجھائی اور وہیں سےدوسرے مقامات میں پھیلی۔ حضرت لوطؑ نے اس ملعون و شنیع حرکت کے عواقب پر متنبہ کیا اور گندگی کو دنیا سے مٹانا چاہا۔ موجودہ بائبل کے جمع کرنے والوں کی شرمناک جسارت پر ماتم کرنا پڑتا ہے کہ ایسے پاکباز اور معصوم پیغمبر کی نسبت جو دنیا کو بےحیائی اور گندگی سے پاک کرنے کے لئے آیا تھا ایسی سخت ناپاک حرکات منسوب کیں جن کے سننے سے حیادار آدمی کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں کَبُرَتۡ کَلِمَۃً تَخۡرُجُ مِنۡ اَفۡوَاہِہِمۡ ؕ اِنۡ یَّقُوۡلُوۡنَ اِلَّا کَذِبًا (کہف۔۵)