مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ توبہ آیت 114 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَمَا كَانَ ٱسْتِغْفَارُ إِبْرَٰهِيمَ لِأَبِيهِ إِلَّا عَن مَّوْعِدَةٍ وَعَدَهَآ إِيَّاهُ فَلَمَّا تَبَيَّنَ لَهُۥٓ أَنَّهُۥ عَدُوٌّ لِّلَّهِ تَبَرَّأَ مِنْهُ ۚ إِنَّ إِبْرَٰهِيمَ لَأَوَّٰهٌ حَلِيمٌ ﴿١١٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت ابراہیم علیہ السلام کا اپنے والد کے لئے استغفار

سورہ مریم میں ہے کہ جب حضرت ابراہیمؑ کے باپ نے قبول حق سے اعراض کیا اور جد و عناد سے حضرت ابراہیمؑ کو قتل کی دھمکیاں دینے لگا تو آپ نے والدین کا ادب ملحوظ رکھتے ہوئے فرمایا سَلٰمٌ عَلَیۡکَ ۚ سَاَسۡتَغۡفِرُ لَکَ رَبِّیۡ ؕ اِنَّہٗ کَانَ بِیۡ حَفِیًّا (مریم۔۴۷) یعنی میں خدا سے تیرے لئے استغفار کروں گا اس وعدہ کے موافق آپ برابر استغفار کرتے رہے۔ چنانچہ دوسری جگہ وَاغْفِرْلِاَبِیْ فرمانے کی تصریح ہے اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ ابراہیمؑ ایک مشرک کی حالت شرک پر قائم رہتے ہوئے مغفرت چاہتے تھے ۔ نہیں غرض یہ تھی کہ اس کو توفیق دے کہ حالت شرک سے نکل کر آغوش اسلام میں آ جائے اور قبول اسلام اس کی خطاؤں کے معاف ہونے کا سبب بنے۔ اِنَّ الۡاِ سْلَامَ یَھْدِمُ مَا کَانَ قَبْلَہٗ ابراہیمؑ کے استغفار کو قرآن میں پڑھ کر بعض صحابہ کے دلوں میں خیال آیا کہ ہم بھی اپنے مشرک والدین کے حق میں استغفار کریں اس کا جواب حق تعالیٰ نے دیا کہ ابراہیمؑ نے وعدہ کی بنا پر صرف اس وقت تک اپنے باپ کے لئے استغفار کیا ۔ جب تک یقینی طور سے یہ واضح نہیں ہوا تھا کہ اسے کفرو شرک اور خدا کی دشمنی پر مرنا ہے۔ کیونکہ مرنے سے پہلے احتمال تھا کہ توبہ کرکے مسلمان ہو جائے اور بخشا جائے پھر جب کفر و شرک پر خاتمہ ہونے سے صاف کھل گیا کہ وہ حق کی دشمنی سے باز آنے والا نہ تھا تو ابراہیمؑ اس سے بالکلیہ بیزا ہو گئے اور دعا و استغفار وغیرہ ترک کر دیا۔ پہلے نرم دلی اور شفقت سے دعا کرتے تھے ۔ جب توبہ و رجوع کے احتمالات منقطع ہو گئے تو آپ نے اس کی خیر خواہی سے ہاتھ اٹھا لیا ۔اور اس حادثہ کو پیغمبرانہ صبر و تحمل سے برداشت کیا۔ حدیث میں ہے کہ محشر میں ابراہیمؑ عرض کریں گے کہ خداوندا! تیرا وعدہ ہے کہ مجھے رسوا نہ کرے گا۔ مگر اس سے زیادہ کیا رسوائی ہو گی کہ آج میرا باپ سب کے سامنے دوزخ میں پھینکا جائے۔ اسی وقت ان کے باپ کی صورت مسخ ہو کر ضبع (کفتار) کی سی ہو جائے گی اور فرشتے گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیں گے شاید یہ اس لئے ہو کہ لوگ اسے پہچان نہ سکیں ۔ کیونکہ رسوائی کا دارومدار شناخت پر ہے ۔ جب شناخت نہ رہے گی کہ کیا چیز دوزخ میں پھینکی گئ ہے پھر بیٹے کی رسوائی کا کچھ مطلب نہیں۔