منافقین کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت
منافقین جھوٹے عذر کر کے جب مدینہ میں ٹھہرے رہنے کی اجازت طلب کرتے تو آپ ﷺ ان کے کید و نفاق سے اغماض کر کے اور یہ سمجھ کر کہ ان کےساتھ چلنے میں فساد کے سوا کوئی بہتری نہیں ، اجازت دیتے تھے اس کو فرمایا کہ اگر آپ ﷺ اجازت نہ دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ کیونکہ اس وقت ظاہر ہو جاتا کہ انہوں نے اپنے نہ جانے کو کچھ آپ ﷺ کی اجازت پر موقوف نہیں رکھا ہے ۔ جانے کی توفیق تو انہیں کسی حال نہ ہوتی۔ البتہ آپ ﷺ کےروبرو ان کا جھوٹ سچ کھل جاتا۔ پس اجازت دینا کوئی گناہ نہ تھا البتہ نہ دینا مصالح حاضرہ کے اعتبار سے زیادہ موزوں ہوتا۔ اس اعلیٰ و اکمل صورت کے ترک کی وجہ سےخطاب کو عَفَا اللّٰہُ عَنۡکَ سے شروع فرمایا۔ عفو کا لفظ ضروری نہیں کہ گناہ ہی کے مقابلہ میں ہو۔ بعض محققین نے عَفَا اللّٰہُ عَنۡکَ اس جملہ کو صدر کلام میں محض دعاء و تعظیم کے طور پر لیا ہے جیسا کہ عرب کے محاورات میں شائع تھا مگر سلف سے وہ ہی منقول ہے جو ہم نے پہلے بیان کیا۔ اور لفظ لِمَ اَذِنۡتَ لَہُمۡ اس کی تائید کرتا ہے۔ واللہ اعلم۔