منافقین کا نفاق کھولا جائے گا
منافقین اپنی مجلسوں میں اسلام و پیغمبر اسلام کی بدگوئی کرتے مومنین صادقین پر آوازے کستے مہمات دین کا مذاق اڑاتے پھر جب خیال آتا کہ ممکن ہے یہ باتیں حضور ﷺ تک پہنچ جائیں تو کہتے کیا مضائقہ ہے وہ تو کان ہی کان ہیں ہم ان کے سامنے جو تاویل و تلمیع کر دیں گے سن کر اسی کو قبول کر لیں گے ۔ مگر چونکہ بسا اوقات وحی الہٰی کے ذریعی سے ان کے نفاق و بد باطنی کی قلعی کھلتی رہتی تھی اس لئے یہ ڈر بھی لگا رہتا تھا کہ کوئی سورت قرآن میں ایسی نازل نہ ہو ئے جو ہمارے مخاطبات سریہ ونیات خفیہ کا پردہ فاش کر دے ۔ اصل یہ ہے کہ منافقین کا قلب جبن و کمزوری سے کسی ایک طرف قائم نہ ہوتا تھا۔ ان کےدل ہر وقت دگدا میں رہتے تھے۔ کبھی آنحضرت ﷺ کی شان اغماض و کریم النفسی کو دیکھ کر کچھ تسلی حاصل کرتے مگر صائقہ قرآنی کی گرج سے پھر دہلنے لگتے تھے اسی لئے فرمایا کہ بہتر ہے تم ٹھٹھے کرتے رہو اور استہزاء و تمسخر کا عمل جاری رکھو اور پیغمبر کی نسبت ھُوَ اُذُنٌ کہہ کر تسلی کر لو۔ لیکن خدا اس چیز کو ضرور کھول کر رہے گا جس کا تم کو ڈر لگا ہوا ہے وہ تمہارے مکر و خداع کا تار تار بکھیر کر رکھ دے گا۔