منافقین سے سختی کا حکم
جہاد کے معنی ہیں کسی ناپسندیدہ چیز کے دفع کرنے میں انتہائی کوشش کرنا۔ یہ کوشش کبھی ہتھیار سے ہوتی ہے کبھی زبان سے کبھی قلم سے کبھی کسی اور طریق سے منافقین (جو زبان سے اسلام کا اظہار کریں اور دل سے مسلمان نہ ہوں) ان کے مقابلہ میں جہاد بالسیف جمہور امت کے نزدیک مشروع نہیں نہ عہد نبوت میں ایسا واقع ہوا۔ اسی لئے جہاد کا لفظ اس آیت میں عام رکھا گیا ہے۔ یعنی تلوار سے ، زبان سے ، قلم سے ، جس وقت جس کے مقابلہ میں جس طرح مصلحت ہو جہاد کیا جائے۔ بعض علماء کی یہ رائے ہے کہ اگر منافقین کا نفاق بالکل عیاں ہو جائے تو ان پر بھی جہاد بالسیف کیا جا سکتا ہے۔ بہرحال غزوہ تبوک نے چونکہ منافقین کا نفاق بہت آشکارا کر دیا تھا۔ اس لئے اس آیت مین ان کی نسبت ذرا سخت رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئ۔ نبی کریم ﷺ فطری طور پر نہایت نرم خو واقع ہوئے تھے فَبِمَا رَحۡمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ لِنۡتَ لَہُمۡ ۚ وَ لَوۡ کُنۡتَ فَظًّا غَلِیۡظَ الۡقَلۡبِ لَانۡفَضُّوۡا مِنۡ حَوۡلِکَ (آل عمران۔۱۵۹) پھر حق تعالیٰ کی طرف سے حکم تھا وَ اخۡفِضۡ جَنَاحَکَ لِمَنِ اتَّبَعَکَ مِنَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ (شعراء۔۲۱۵) چونکہ منافقین بھی بظاہر مومنین کے زمرہ میں شامل رہتے تھے اسی لئے حضور ﷺ ان کے ساتھ بھی درگذر ، چشم پوشی اور نرم خوئی کا معاملہ فرماتے تھے۔ تبوک کے موقع پر جب منافقین نے کھلم کھلا بے حیائی ، عناد اور دشمنی کا انداز اخیتار کر لیا تو حکم ہوا کہ اب ان کے معاملہ میں سختی اختیار کیجئے یہ شریر خوش اخلاقی اور نرمی سے ماننے والے نہیں ہیں۔