معذرون اور قاعدون
یعنی جس طرح مدینہ کے رہنے والوں میں منافقین بھی ہیں اور مخلصین بھی۔ اسی طرح دیہاتی گنواروں میں ہر قسم کے لوگ پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے یہاں دو قسموں کا ذکر فرمایا۔ مخلص دیہاتیوں کا ذکر اس رکوع کے خاتمہ پر وَ مِنَ الۡاَعۡرَابِ مَنۡ یُّؤۡمِنُ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ الخ میں آئے گا۔ یہاں دیہاتیوں کی جن دو جماعتوں کا ذکر ہے (معذرون اور قاعدون) ان میں سے پہلی جماعت (معذرون) کے مصداق میں مفسرین سلف کا اختلاف ہے کہ آیا اس سے مراد جھوٹے بہانے بنانے والے منافق ہیں۔ (جیسا کہ ترجمہ سے ظاہر ہوتا ہے) یا سچے عذر کرنے والے مسلمان جو واقعی جہاد کی شرکت سے معذور تھے اگر پہلی شق اختیار کی جائے تو آیت میں منافقین کی دو قسموں کا بیان ہو گا۔ معذرون تو وہ ہوئے جو باوجود نفاق کے محض ظاہرداری نباہنے کے لئے جھوٹے حیلے بنا کر حضور ﷺ سے اجازت طلب کرتے تھے۔ اور قاعدون سے وہ منافقین مراد ہوں گے جنہوں نے اول دعوئے ایمان میں جھوٹ بولا۔ پھر ظاہرداری کی بھی پروا نہیں کی۔ جہاد کا نام سن کر گھروں میں بیٹھ رہے ، بالکل بے باک و بے حیا ہو کر عذر کرنے بھی نہ آئے اس تقدیر پر سَیُصِیۡبُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا دونوں جماعتوں کو شامل ہو گا۔ اور معنی یہ ہوں گے کہ جو لوگ دونوں جماعتوں میں سے اپنے کفر پر اخیر تک قائم رہیں گے ان کے لئے عذاب دردناک ہے ۔ جن کو توبہ کی توفیق ہو جائے گی وہ اس وعدہ کے نیچے داخل نہیں۔ اور اگر معذرون سے مراد مومنین مخلصین لئے جائیں جو واقعی معذور تھے تو قاعدون سے مراد منافقین ہوں گے ۔ اور سَیُصِیۡبُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ کی وعید صرف ان ہی کے حق میں ہوگی۔ پہلی جماعت کا ذکر گویا قبول عذر کے طور پر ہو گا۔