مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ہود آیت 5 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

أَلَآ إِنَّهُمْ يَثْنُونَ صُدُورَهُمْ لِيَسْتَخْفُوا۟ مِنْهُ ۚ أَلَا حِينَ يَسْتَغْشُونَ ثِيَابَهُمْ يَعْلَمُ مَا يُسِرُّونَ وَمَا يُعْلِنُونَ ۚ إِنَّهُۥ عَلِيمٌۢ بِذَاتِ ٱلصُّدُورِ ﴿٥﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

رجوع الی اللہ کے فوائد

سزا دینے کے لئے ضروری ہے کہ مجرم حاضر ہو حاکم سزا دینے کی پوری قدرت اور کامل اختیار رکھتا ہو۔ مجرمین کی کل کارروائیاں اس کے علم میں ہوں۔ اِلَی اللّٰہِ مَرۡجِعُکُمۡ میں بتلا دیا کہ مجرم و غیر مجرم سب کو خدا کے یہاں حاضر ہونا ہے۔ وَ ہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ میں قدرت و اختیار کا عموم بیان فرمایا اور اَلَاۤ اِنَّہُمۡ یَثۡنُوۡنَ صُدُوۡرَہُمۡ سے بِذَاتِ الصُّدُوْرِ تک اس کے علم محیط کی وسعت کو ظاہر کیا کہ خدا ہر کھلی چیز کو یکساں جانتا ہے حتٰی کہ دلوں کی تہ میں جو خیالات ، ارادے اور نیتیں پوشیدہ ہوتی ہیں ان پر بھی مطلع ہے پھر کوئی مجرم اپنے جرم کو کس طرح اس سے مخفی رکھ کر نجات پا سکتا ہے۔ صحابہ کرام کا ایمانِ کامل اور حیاء: (تنبیہ) ان آیات کی شان نزول میں مفسرین کا اختلاف ہے ۔ صحیح ترین روایت ابن عباس کی بخاری میں ہے کہ بعض مسلمانوں پر حیا کا اس قدر حد سے زیادہ غلبہ ہوا کہ استنجا یا جماع کے وغیرہ ضروریات بشری کے وقت کسی حصہ بدن کو برہنہ کرنے سے شرماتے تھے کہ آسمان والا ہم کو دیکھتا ہے۔ برہنہ ہونا پڑتا تو غلبہ حیا سے جھکے جاتے اور شرمگاہ کو چھپانے کے لئے سینہ کو دہرا کئے لیتے تھے۔ اس طرح کے آثار کبھی کبھی غایت تأدب مع اللہ اورغلبہ حیا سے ناشی ہو سکتے ہیں۔ اور ایسے لوگ "صوفیہ" کی اصطلاح میں "مغلوب الحال" کہلاتے ہیں چونکہ صحابہؓ کا کسی مسئلہ میں ایسا غلو اور تعمق آئندہ امت کو ضیق میں مبتلا کر سکتا تھا اس لئے قرآن نے اَلَا حِیۡنَ یَسۡتَغۡشُوۡنَ ثِیَابَہُمۡ الخ سے انکی اصلاح فرما دی۔ یعنی اگر بوقت ضرورت بدن کھولنے میں خدا سے حیا آتی ہے اس لئے جھکے جاتے ہو تو غور کرو کہ کپڑے پہننے کی حالت میں تمہارا ظاہر و باطن کیا خدا کے سامنے نہیں ہے ؟ جب انسان اس سے کسی وقت نہیں چھپ سکتا پھر ضرورت بشریہ کے متعلق اسقدر غلو سے کام لینا ٹھیک نہیں۔ واضح ہو کہ ربط آیات کے لئے اس بات کی ضرورت ہے کہ ایک آیت کا مضمون دوسری کے مضمون سے مناسبت رکھتا ہو ، سبت نزول سے مناسب رکھنا ضروری نہیں۔