اللہ تعالیٰ تمام جانداروں کو رزق پہنچاتا ہے
پہلے علم الہٰی کی وسعت بیان ہوٹی تھی۔ یہ اسی مضمون کا تکملہ ہے۔ یعنی زمین پر چلنے والا ہر جاندار جسے رزق کی احتیاج لاحق ہو ،اس کو روزی پہنچانا خدا نے محض اپنے فضل سے اپنے ذمہ لازم کر لیا ہے ۔ جس قدر روزی جس کے لئے مقدر ہے یقینًا پہنچ کر رہے گی۔ جو وسائل و اسباب بندہ اختیار کرتا ہے ، وہ روزی پہنچے کے دروازے ہیں ۔ اگر آدمی کی نظر اسباب و تدابیر اختیار کرتے وقت مسبب الاسباب پر ہو ، تو یہ توکل کے منافی نہیں۔ البتہ خدا کی قدرت کو ان اسباب عادیہ میں محصور و مقید نہ سمجھا جائے ۔ وہ گاہ بگاہ سلسلہ اسباب کو چھوڑ کر بھی روزی پہنچاتا یا اور کوئی کام کر دیتا ہے۔ بہرحال جب تمام جانداروں کی حسب استعداد غذا اور معاش مہیا کرنا حق تعالیٰ کا کام ہے تو ضروری ہے کہ اس کاعلم ان سب پر محیط ہو۔ ورنہ ان کی روزی کی خبر گیری کیسے کر سکے گا۔
مستقر اور مستودع کے معانی
حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "مستقر (جہاں ٹھہرتا ہے) بہشت و دوزخ اور مستودع (جہاں سونپا جاتا ہے) اس کی قبر ہے ۔ پہلے وَ مَا مِنۡ دَآبَّۃٍ الخ میں دنیوی زندگی کا بیان تھا۔ یہاں برزخ اور آخرت کا بیان ہوا مطلب یہ ہوا کہ خدا ابتداء سے انتہاء تک تمہاری ہستی کے تمام درجات کا علم رکھتا ہے۔ "مستقر" و "مستودع" کی تعین میں مفسرین کے بہت اقوال ہیں پہلے سورہ انعام میں بھی ہم کچھ لکھ چکے ہیں۔ ابن کثیر نے کہا کہ زمین میں جہاں تک چلے پھرے اس کے منتہائے سیر کو مستقر اور پھر پھرا کر جس ٹھکانے پر آئے اسے مستودع کہتے ہیں۔ ابن عباس کے نزدیک اس زندگی میں جہاں رہے وہ مستقر اور موت کے بعد جہاں دفن کیا جائے وہ مستودع ہے ۔ مجاہد نے مستقر سے رحم مادر اور مستودع سے صلب پدر مراد لی ہے۔ عطاء نے اس کے عکس کا دعویٰ کیا ۔ بعض متفلسفین کا خیال ہے کہ زمین میں حیوانات کا جو مسکن بالفعل ہے اسے مستقر اور وجود (فعلی سے پہلے جن مواد و مقار میں رہ کر آئے انہیں مستودع کہا گیا ہے۔ یعنی حق تعالیٰ ان تمام مختلف مواد اور اطوار و ادوار کا عالم ہے جن میں سے کوئی حیوان گذر کر اپنی موجود ہیئت کذائی تک پہنچا ہے۔ وہ ہی اپنے علم محیط سے ہر مرتبہ وجود میں اس کی استعداد کے مناسب وجود و کمالات وجود فائض کرتا ہے۔
یعنی لوح محفوظ میں جو صحیفہ علم الہٰی ہے پھر علم الہٰی میں ہر چیز کیسے موجود نہ ہو گی۔