مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ہود آیت 76 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

يَـٰٓإِبْرَٰهِيمُ أَعْرِضْ عَنْ هَـٰذَآ ۖ إِنَّهُۥ قَدْ جَآءَ أَمْرُ رَبِّكَ ۖ وَإِنَّهُمْ ءَاتِيهِمْ عَذَابٌ غَيْرُ مَرْدُودٍ ﴿٧٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

فرشتوں سے حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مکالمہ

یعنی ادھر سے مطمئن ہوئے تو فورًا قوم لوط کے مسئلہ میں فرشتوں سے بحث شروع کر دی۔ جس کا خلاصہ سورہ عنکبوت میں بیان فرمایا کہ فرشتوں نے ابراہیمؑ کو مطلع کیا کہ ہم ان بستیوں کو ہلاک کرنے آئے ہیں ابراہیمؑ بولے کہ ان میں تو خود لوطؑ موجود ہیں (ایک پیغمبر کے ان میں موجود ہوتے ہوئے کیسے ہلاک کئے جا سکتے ہیں ؟) فرشتوں نے کہا ہم سب کو جانتے ہیں جو وہاں رہتے ہیں۔ لوطؑ اور اس کے متعلقین کو وہاں سے علیحدہ کر کے عذاب نازل کیا جائے گا۔ تفاسیر میں اس بحث کی جو تفاصیل بیان ہوئی ہیں اللہ جانے کہاں تک صحیح ہیں۔ بہرحال اسی بحث کو مبالغۃً لفظ یُجَادِلُنَا سے تعبیر فرمایا۔ جس سے صاف مترشح ہوتا ہے کہ ابراہیمؑ اپنی فطری شفقت ، نرم خوئ اور رحم دلی سے اس قوم پر ترس کھا کر حق تعالیٰ کی جناب میں کچھ سفارش کرنا چاہتے تھے اسی کا جواب دیا کہ اس خیال کو چھوڑیے۔ ان ظالموں کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اب خدا کا حکم واپس نہیں ہو سکتا۔ عذاب آ کر رہے گا جو کسی سفارش یا دعا وغیرہ سے نہیں ٹل سکتا۔