حضرت لوط علیہ السلام کو فرشتوں کی تسلی
جب لوطؑ کے اضطراب و قلق کی حد ہو گئ ، تب مہمانوں نے کہا کہ حضرت! آپ کس فکر میں ہیں مطلق پریشان نہ ہوں ، ہم خدا کے بھیجے ہوئے فرشتے ہیں جو ان کو بتاہ و ہلاک کرنے کے لئے آئے ہیں۔ یہ خبیث ہمارا تو کیا بگاڑ سکتے آپ تک بھی نہیں پہنچ سکیں گے۔ تفاسیر میں ہےکہ وہ شریر لوگ دروازہ توڑ کر یا دیوار پھاند کر اند گھسے جاتے تھے ، تب جبریلؑ نے خدا سے اجازت لے کر لوطؑ کو علیحدہ بٹھا دیا اور ایک ذرا بازو ان ملعونوں کی طرف ہلایا جو سب کے سب نپٹ اندھے ہو گئے اور کہنے لگے کہ بھاگو! لوطؑ کے مہمان تو بڑے جادوگر معلوم ہوتے ہیں۔
عذاب الہٰی کی خبر
یعنی صبح کو عذاب آنے والا ہے، تھوری رات رہے آپ اپنے متعلقین کو لے کر یہاں سے تشریف لے جائیے اور اپنے ہمراہیوں کو ہدیات کر دیجئے کہ جلدی کریں اور کوئی پیچھے مڑ کر بھی نہ دیکھے ہاں تیری عورت کہ وہ ساتھ نہ جائے گی یا پیچھے پھر کر دیکھے گی۔ اس طرح اسی عذاب کی لپیٹ میں آ جائے گی جو سب قوم کو پہنچنے والا ہے۔ کہتے ہیں اسی عورت نے قوم کو مہمانوں کی آمد سے مطلع کیا تھا۔
یعنی خوش ہو جائے اب ان ظالموں کے ہلاک ہونے میں کچھ دیر نہیں ہے۔ صبح ہوتے ہی سب کا صفایا ہو جائے گا۔