مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 24 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَقَدْ هَمَّتْ بِهِۦ ۖ وَهَمَّ بِهَا لَوْلَآ أَن رَّءَا بُرْهَـٰنَ رَبِّهِۦ ۚ كَذَٰلِكَ لِنَصْرِفَ عَنْهُ ٱلسُّوٓءَ وَٱلْفَحْشَآءَ ۚ إِنَّهُۥ مِنْ عِبَادِنَا ٱلْمُخْلَصِينَ ﴿٢٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

زلیخا اور حضرت یوسف علیہ السلام کی رغبت ''ھم'' کا فرق

یعنی عورت نے پھانسنے کی فکر کی اور اس نے فکر کی کہ عورت کا داؤ چلنے نہ پائے اگر اپنے رب کی حجت و قدرت کا معائنہ نہ کرتا تو ثابت قدم رہنا مشکل تھا۔ بعض مفسرین نے وَھَمَّ بِھَا کو وَلَقَدْ ھَمَّتْ بِہٖ سے علیحدہ کر کے لَوۡ لَاۤ اَنۡ رَّاٰ بُرۡہَانَ رَبِّہٖ سے متعلق کیا ہے۔ جیسے اِنۡ کَادَتۡ لَتُبۡدِیۡ بِہٖ لَوۡ لَاۤ اَنۡ رَّبَطۡنَا عَلٰی قَلۡبِہَا (القصص۔۱۰) کی ترکیب ہے ۔ اس وقت مقصود یوسفؑ کے حق میں "ہم" کا ثابت کرنا نہیں بلکہ نفی کرنا ہے۔ ترجمہ یوں ہو گا۔ کہ عورت نے یوسفؑ کا ارادہ کیا اور یوسفؑ بھی عورت کا ارادہ کرتا اگر اپنے پروردگار کی قدرت و حجت نہ دیکھ لیتا۔ بعض نے وَھَمَّ بِھَا میں لفظھَمَّ کو بمعنی میلان و رغبت کے لیا ہے۔ یعنی یوسفؑ کے دل میں کچھ رغبت و میلان بے اختیار پیدا ہوا۔ جیسے روزہ دار کو گرمی میں ٹھنڈے پانی کی طرف طبعًا رغبت ہوتی ہے لیکن نہ وہ پینے کا ارادہ کرتا ہے نہ یہ بے اختیاری رغبت کچھ مضر ہے۔ بلکہ باوجود رغبت طبعی کے اس سے قطعًا محترز رہنا مزید اجرو ثواب کا موجب ہے اسی طرح سمجھ لو کہ ایسے اسباب و دواعی قویہ کی موجودگی سے طبع بشری کے موافق بلا اختیار و ارادہ یوسفؑ کے دل میں کسی قسم کی رغبت و میلان کا پا جانا نہ عصمت کے منافی ہے نہ ان کے مرتبہ کو گھٹاتا ہے ۔ بلکہ صحیح مسلم میں ابوہریرہ کی حدیث ہے کہ اگر بندہ کا میلان کسی برائی کی طرف ہوا لیکن اس پر عمل نہ کیا تو اس کے فرد حسنات میں ایک نیکی لکھی جاتی ہے۔ خدا فرماتا ہے کہ اس نے (باوجود رغبت و میلان) میرے خوف سے اس برائی کو ہاتھ نہ لگایا ۔ بہرحال باوجود اشتراک لفظی کے زلیخا کے "ہم" اور یوسفؑ کے "ہم" میں زمین و آسمان کا تفاوت ہے اسی لئے قرآن کریم نے دونوں "ھم" کو ایک ہی لفط میں جمع نہیں کیا اور نہ زلیخا کے "ھم" کی طرح یوسفؑ کے ھم پر "لام" اور "قد" داخل کیا گیا۔ بلکہ سیاق و الحاق میں بہت سی دلائل یوسفؑ کی طہارت و نزاہت پر قائم فرمائیں۔ جو غور کرنے والوں پر پوشیدہ نہیں ۔ تفصیل "روح المعانی" اور "کبیر" وغیرہ میں موجود ہے۔

اللہ کی برہان

"برہان" دلیل و حجت کو کہتےہیں ۔ یعنی اگر یوسفؑ اس وقت اپنے رب کی دلیل نہ دیکھتے تو قلبی میلان پر چل پڑتے ۔ دلیل کیا تھی ؟ زنا کی حرمت و شناعت کا وہ عین الیقین جو حق تعالیٰ نے ان کو عطا فرمایا ۔ یا وہ ہی دلیل جو خود انہوں نے زلیخا کے مقابلہ میں اِنَّہٗ رَبِّیۡۤ اَحۡسَنَ مَثۡوَایَ ؕ اِنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الظّٰلِمُوۡنَ کہہ کر پیش کی۔ بعض کہتے ہیں کہ خدا کی قدرت سے اس وقت حضرت یعقوبؑ نظر آئے کہ انگلی دانتوں میں دبائی سامنے کھڑے ہیں۔ بعض نے کہا کہ کوئی غیبی تحریر نظر پڑی جس میں اس فعل سے روکا گیا تھا۔ واللہ اعلم۔

یعنی یہ برہان دکھانا اور ایسی طرح ثابت قدم رکھنا اس لئے تھا کہ یوسفؑ ہمارے برگزیدہ بندوں میں ہیں۔ لہذا کوئی چھوٹی بڑی برائی خواہ ارادہ کے درجہ میں ہو یا عمل کے ، ان تک نہ پہنچ سکے۔