مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 23 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَرَٰوَدَتْهُ ٱلَّتِى هُوَ فِى بَيْتِهَا عَن نَّفْسِهِۦ وَغَلَّقَتِ ٱلْأَبْوَٰبَ وَقَالَتْ هَيْتَ لَكَ ۚ قَالَ مَعَاذَ ٱللَّهِ ۖ إِنَّهُۥ رَبِّىٓ أَحْسَنَ مَثْوَاىَ ۖ إِنَّهُۥ لَا يُفْلِحُ ٱلظَّـٰلِمُونَ ﴿٢٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت یوسف علیہ السلام کا کڑا امتحان

ادھر تو الطاف غیبیہ حضرت یوسفؑ کی عجیب و غریب طریقہ سے تربیت فرما رہے تھے ۔ ادھر عزیز کی بیوی (زلیخا) نے ان کے سامنے ایک نہایت ہی مزلۃ الاقدام موقع امتحان کا کھڑا کر دیا۔ یعنی حضرت یوسفؑ کے حسن و جمال پر زلیخا مفتون ہو گئ اور دلکشی و ہوشربائی کے سارے سامان جمع کر کے چاہا کہ یوسفؑ کے دل کو ان کے قابو سے باہر کر دے۔ ایک عیش و نشاط کے سامان ، نفسانی جذبات پورے کرنے کے لئے ہر قسم کی سہولتیں ، یوسفؑ کا ہر وقت زلیخا کے گھر میں موجود رہنا ،ا س کا نہایت محبت اور پیار سے رکھنا تنہائی کے وقت خود عورت کی طرف سے ایک خواہش کا بیتابانہ اظہار ، کسی غیر کے آنے جانے کے سب دروازے بند ، دوسری طرف جوانی کی عمر ، قوت کا زمانہ ، مزاج کا اعتدال ، تجرد کی زندگی ، یہ سب دواعی و اسباب ایسے تھے جن سے ٹکرا کر بڑے سے بڑے زاہد کا تقویٰ بھی پاش پاش ہو جاتا مگر خدا نے جس کو محسن قرار دے کر علم و حکمت کے رنگ میں رنگین کیا اور پیغمبرانہ عصمت کے بلند مقام پر پہنچایا، اس پر کیا مجال تھی کہ شیطان کا قابو چل جاتا۔ اس نے ایک لفظ کہا "معاذاللہ" (خدا کی پناہ) اور شیطانی جال کے سارے حلقے توڑ ڈالے کیونکہ جس نے خدا کی پناہ لی اس پر کس کا وار چل سکتا ہے ؟

آپ کی ثابت قدی اور پاکبازی

یعنی خدا کی پناہ میں ایسی قبیح حرکت کیسے کر سکتا ہوں ؟ علاوہ بریں "عزیز میرا مربی ہے جس نے مجھے ایسی عزت ور راحت سے رکھا ، کیا میں اپنے محسن کے ناموس پر حملہ کروں ؟ ایسی محسن کشی اور بے انصافی کرنے والے کبھی بھلائی اور کامیابی کا منہ نہیں دیکھ سکتے۔ نیز جب ظاہری مربی کا ہم کو اس قدر پاس ہے تو سمجھ لو کہ اس پروردگار حقیقی سے ہمیں کس قدر شرمانا اور حیا کرنا چاہئے ۔ جس نے محض اپنے فضل سے ہماری تربیت فرمائی اور اپنے بندوں کو ہماری خدمت و راحت رسانی کے لئے کھڑا کر دیا۔ (تنبیہ) بعض مفسرین نے اِنَّہٗ رَبِّیۡۤ کی ضمیر اللہ تعالیٰ کی طرف راجع کی ہے۔