مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 5 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قَالَ يَـٰبُنَىَّ لَا تَقْصُصْ رُءْيَاكَ عَلَىٰٓ إِخْوَتِكَ فَيَكِيدُوا۟ لَكَ كَيْدًا ۖ إِنَّ ٱلشَّيْطَـٰنَ لِلْإِنسَـٰنِ عَدُوٌّ مُّبِينٌ ﴿٥﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت یوسف علیہ السلام کا خواب

یعنی شیطان ہر وقت انسان کی گھات میں لگا ہے۔ وسوسہ اندازی کر کے بھائیوں کو تیرے خلاف اکسا دے گا۔ کیونکہ خواب کی تعبیر بہت ظاہر تھی ، اور یوسفؑ کے بھائیوں کو جو بہرحال خاندان نبوت میں سے تھے ، ایسے واضح خواب کا سمجھ لینا کچھ مشکل نہ تھے کہ گیارہ ستارے گیارہ بھائی ہیں اور چاند سورج ماں باپ ہیں گویا یہ سب کسی وقت یوسفؑ کی عظمت شان کے سامنے سر جھکائیں گے۔ برادران یوسفؑ: چنانچہ آخر سورت میں یٰۤاَبَتِ ہٰذَا تَاۡوِیۡلُ رُءۡیَایَ مِنۡ قَبۡلُ ۫ قَدۡ جَعَلَہَا رَبِّیۡ حَقًّا (یوسف۔۱۰۰) کہہ کر اسی طرف اشارہ کیا۔ معلوم ہوتا ہے کہ حضرت یعقوبؑ خواب سے پیشتر ہی یہ محسوس کرتے تھے کہ یوسفؑ کے ساتھ باپ کی خصوصی محبت کو دیکھ کر اس کے علاقی بھائی دل ہی دل میں کڑھتے ہیں ۔ اب انہوں نے خیال کیا کہ اگر کہیں یہ خواب سن پائے تو شیطان حسد کی آگ ان کے دلوں میں بھڑکا دے گا اور جوش حسد میں آنکھیں بند کر کے ممکن ہے وہ کوئی ایسی حرکت کر گذریں جو یوسفؑ کی اذیت اور خود ان کی رسوائی اور بد انجامی کو موجب ہو۔ اس لئے آپ نے یوسفؑ کو منع فرما دیا کہ اپنا خواب بھائیوں کے روبرو ظاہر نہ کریں۔ یوسفؑ کا ایک حقیقی بھائی "بنیامین" تھا۔ اس کے سامنے ذکر کرنے کی بھی اجازت نہیں دی، گو اس سے برائی کا کچھ اندیشہ نہ تھا، لیکن یہ ممکن تھا کہ وہ سن کر بے احتیاطی سے دوسروں کے سامنے تذکرہ کر دے۔ اور اس طرح یہ خبر لوگوں میں شائع ہو جائے (تنبیہ) حافظ ابن تیمیہؒ نے ایک مستقل رسالہ میں لکھا ہے کہ قرآن لغت ، اور عقلی اعتبارات میں سے کوئی چیز اس خیال کی تائید نہیں کرتی کہ برادران یوسفؑ انبیاء تھے ، نہ رسول کریم ﷺ نے اس کی خبر دی نہ صحابہؓ میں کوئی اس کا قائل تھا بھلا عقوق والدین ، قطع رحم ، مسلمان بھائی کے قتل پر اقدام کرنا ، اس کو غلام بنا کر بیچ ڈالنا اور بلاد کفر کی طرف بھیج دینا ، پھر صریح جھوٹ اور حیلے بنانا ، وغیرہ ایسی حرکات شنیعہ کیا کسی نبی کی طرف (خواہ قبل از بعثت ہی سہی) منسوب کی جا سکتی ہیں (العیاذ باللہ) جن لوگوں نے برادران یوسفؑ کی نبوت کا خیال ظاہر کیا ہے ، ان کے پاس لفظ "اسباط" کے سوا کوئی دلیل نہیں۔ حالانکہ "اسباط" خاص صلبی اولاد کو نہیں بلکہ اقوام و امم کو کہتے ہیں۔ اور بنی اسرائیل کی اسباط پر تقسیم حضرت موسٰیؑ کے عہد میں ہوئی۔