حضرت یوسف علیہ السلام کی نبوت کی پیشگوئی
یعنی جس طرح ایسا اچھا خواب دکھلایا ، اسی طرح محض جاذبہ رحمت سے اپنی بارگاہ قرب میں تجھ کو خصوصی مقام عطاء فرمائے گا۔ چنانچہ نبوت عطاء فرمائی اور طرح طرح کی ظاہری و باطنی نوازشیں کیں۔
حضرت یوسف علیہ السلام کو تعبیر خواب کا علم
مثلاً تعبیر رؤیا ، یعنی خواب سن کر اس کے اجزا کو ذہانت و فراست سے ٹھکانے لگا دینا۔ یا ہر بات کے موقع و محل کو سمجھنا ، اور معاملات کے عواقب و نتائج کو فورًا پرکھ لینا۔ یا خدا اور پیغمبروں کے ارشادات اقوام و اممم کے قصص اور کتب منزلہ کے مضامین کی تہ تک پہنچ جانا ۔ یہ سب چیزیں "تاویل الاحادیث کے تحت میں مندرج ہو سکتی ہیں"،
یعنی اخروی نعمتوں کے ساتھ دنیوی نعمتیں عطا فرمائے گا۔ نبوت کے ساتھ! بادشاہت میں حصہ دے گا اور شدائد و محن سے نجات دے کر خوشحالی و فراغ بالی کی زندگی نصیب کرے گا۔
یعقوبؑ کے گھرانے کو دنیوی مکروہات اور مادی تکلیفوں سے رہائی دے گا اور آئندہ ان کی نسل سے بڑے بڑے پیغمبر اور بادشاہ پیدا کرے گا۔ حضرت یعقوبؑ نے تواضعًا اپنا نام نہیں لیا۔ اپنے والد حضرت اسحاقؑ اور ان کے والد حضرت ابراہیمؑ کا ذکر فرمایا۔ حضرت ابراہیمؑ کو خدا نے اپنا خلیل اوعر نبی بنایا ، ان کے دشمن نمرود کا ہلاک کیا، آگ کے شعلوں کو ان کے لئے گلزار بنا دیا، حضرت اسحاقؑ کو نبوت عطا کی ، پھر ان کے سلب سے حضرت یعقوبؑ جیسا نبی پیدا کیا ۔ جس سے تمام انبیائے بنی اسرائیل کا سلسلہ چلا۔ حدیث صحیح میں ہے ۔ "الکریم ابن الکریم ابن الکریم ابن الکریم یوسف بن یعقوب بن اسحٰق بن ابراھیم" (تنبیہ۹ حضرت یعقوبؑ نے جو پیشنگوئی کی اس کا کچھ حصہ تو غالبًا حضرت یوسفؑ کے خواب سے سمجھے اور اس سے کہ اتنی چھوٹی عمر میں ایسا موزوں و مبارک خواب دیکھا۔ اور کچھ حضرت یوسفؑ کے خصائل و شمائل سے یا وحی الہٰی کے ذریعہ سے مطلع ہوئے ہوں گے۔
یعنی وہ ہر ایک کی مناسبت و استعداد سے باخبر ہے اپنی حکمت سے اسی کے مناسب فیض پہنچاتا ہے۔