حضرت یعقوب علیہ السلام کا بیٹوں سے عہد
یعنی اگر تقدیر الہٰی سےکوئی ایسا حادثہ آ جائے جس میں تم سب گھر جاؤ اور نکلنے کی کوئی سبیل نہ رہے تب تو میں کیا کہہ سکتا ہوں۔ ہاں اپنے مقدور اور زندگی بھر بنیامین کی حفاظت میں کوتاہی نہ کرو گے ۔ یہ پختہ عہد و پیمان اور قسمیں لے کر زیادہ تاکید و اہتمام کے طور پر فرمایا اللّٰہُ عَلٰی مَا نَقُوۡلُ وَکِیۡلٌ یعنی جو کچھ عہدو پیمان ہم اس وقت کر رہے ہیں وہ سب خدا کے سپرد ہیں۔ اگر کسی نے خیانت اور بد عہدی کی وہ ہی سزا دے گا۔ یا یہ کہ قول و قرار تو اپنے مقدور کے موافق پختہ کر رہے ہیں۔ لیکن ان باتوں سے جو مقصد اصلی ہے وہ خدا کی حفاظت و نگہبانی سے ہی پورا ہو سکتا ہے۔ خدا نہ چاہے تو سارے اسباب و تدابیر رکھی رہ جائیں کچھ نہ ہو۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں۔ "ظاہری اسباب بھی پختہ کر لئے اور بھروسہ اللہ پر رکھا ۔ یہی حکم ہے ہر کسی کو ۔"