مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 67 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَقَالَ يَـٰبَنِىَّ لَا تَدْخُلُوا۟ مِنۢ بَابٍ وَٰحِدٍ وَٱدْخُلُوا۟ مِنْ أَبْوَٰبٍ مُّتَفَرِّقَةٍ ۖ وَمَآ أُغْنِى عَنكُم مِّنَ ٱللَّهِ مِن شَىْءٍ ۖ إِنِ ٱلْحُكْمُ إِلَّا لِلَّهِ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَعَلَيْهِ فَلْيَتَوَكَّلِ ٱلْمُتَوَكِّلُونَ ﴿٦٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بیٹوں کو نصیحت

برادران یوسفؑ پہلی مرتبہ جو مصر گئے تھے عام مسافروں کی طرح بلا امتیاز شہر میں داخل ہو گئے تھے ۔ لیکن یوسفؑ کی خاص توجہات و الطاف کو دیکھ کر یقینًا وہاں کے لوگوں کی نظریں ان کی طرف اٹھنے لگی ہو ں گی۔ اب دوبارہ جانا خاص شان و اہتمام سے بلکہ کہنا چاہئے کہ ایک طرف یوسفؑ کی دعوت پر تھا ۔ بنیامین جس کی حفاظت و محبت حضرت یعقوبؑ یوسفؑ کے بعد بہت کرتے تھے ، بھائیوں کے ہمراہ تھے ۔ یعقوبؑ کو خیال گذرا کہ ایک باپ کے گیارہ وجہیہ و خوش رو بیٹوں کا خاص شان سےبہیأت اجتماعی شہر میں داخل ہونا خصوصًا اس برتاؤ کے بعد جو عزیز مصر (یوسفؑ) کی طرف سے لوگ پہلے مشاہدہ کر چکے تھے ، ایسی چیز ہے جس کی طرف عام نگاہیں ضرور اٹھیں گی۔ "العین حق" نظر لگ جانا ایک حقیقت ہے (اور آج کل مسمریزم کے عجائبات تو عمومًا اسی قوت نگاہ کے کرشمے ہیں) یعقوبؑ نے بیٹوں کو نظر بد اور حسد وغیرہ مکروہات سے بچانے کے لئے یہ ظاہری تدبیر تلقین فرمائی کہ متفرق ہو کر معمولی حیثیت سےشہر کے مختلف دروازوں سے داخل ہوں تاکہ خواہی نخواہی پبلک کی نظریں ان کی طرف نہ اٹھیں ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کر دیا کہ میں کوئی تدبیر کر کے قضاء و قدر کے فیصلوں کو نہیں روک سکتا۔ تمام کائنات میں حکم صرف خدا کا چلتا ہے ۔ ہمارے سب انتظامات حکم الہٰی کے مقابلہ میں بیکار ہیں۔ ہاں تدبیر کرنا بھی اسی نے سمجھایا ہے اور جائز رکھا ہے ۔ آدمی کو چاہئے کہ بچاؤ کی تدبیر کر لے مگر بھروسہ خدا پر رکھے گویا لڑکوں کو سنایا کہ میری طرح تم بھی تہ دل سے خدا کی حفاظت پر بھروسہ رکھو۔ تدابیر پر مغرور نہ بنو۔