مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 9 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ٱقْتُلُوا۟ يُوسُفَ أَوِ ٱطْرَحُوهُ أَرْضًا يَخْلُ لَكُمْ وَجْهُ أَبِيكُمْ وَتَكُونُوا۟ مِنۢ بَعْدِهِۦ قَوْمًا صَـٰلِحِينَ ﴿٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت یوسف علیہ السلام کے قتل کا منصوبہ

یعنی رشک و حسد کی آگ اندر ہی اندر سلگتی رہی۔ آخر آپس میں مشورہ کیا کہ یوسفؑ کی موجودگی میں ممکن نہیں کہ والد بزرگوار کی خصوصی محبت و توجہ کو ہم اپنی طرف کھینچ سکیں ، اس لئے یوسفؑ کا قصہ ہی یہاں سے ختم کر دینا چاہئے خواہ قتل کر دو یا کسی دوردراز ملک کی طرف پھینک دو جہاں سے واپس نہ آ سکے۔ جب وہ نہ رہیں گے تو باپ کی ساری توجہات اور مہربانیوں کے ہم ہی تنہا حقدار رہ جائیں گے۔ بنیامین کے معاملہ کو غالبًا ان کے یہاں کوئی اہمیت نہیں تھی ، گویا اس کی محبت کو یوسفؑ کی محبت کا ضمیمہ سمجھتے تھے۔

یعنی ایک مرتبہ قتل وغیرہ کا گناہ کرنا پڑے گا۔ اس سے فارغ ہو کر توبہ کر لیں گے اور خوب نیک بن جائیں گے گویا ، رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئ۔ بعض مفسرین نے وَ تَکُوۡنُوۡا مِنۡۢ بَعۡدِہٖ قَوۡمًا صٰلِحِیۡنَ کے معنی یہ لئے ہیں کہ یوسفؑ کے بعد ہمارے سب کام ٹھیک اور درست ہو جائیں گے کیونکہ پدر بزرگوار کا دست شفقت یوسفؑ سے مایوس ہو کر صرف ہمارے ہی سروں پر رہا کرے گا۔