حضرت یوسف علیہ السلام کو پہچاننا
ممکن ہے اس سوال سے گھبرائے ہوں کہ اتنی مدت کے بعد یہ کون گھر کا بھیدی نکل آیا۔ پھر عزیز مصر کو یوسفؑ کے قصہ سے کیا مطلب ۔ غیر معمولی مہربانیاں اور بنیامین کے ساتھ خصوصی برتاؤ پہلے سے دیکھ رہے تھے ۔ اس سوال نے دفعۃً ان کا ذہن ادھر منتقل کر دیا ہو کہ کہیں یوسفؑ جسے ہم نے مصری قافلہ کے ہاتھ بیچ ڈالا تھا ، یہ ہی تو نہیں ہے۔ جب ادھر توجہ ہوئی تو بغور دیکھا ہو گا اور ممکن ہے یوسفؑ نے خود بھی اپنے کو اس دفعہ زیادہ واضح طور پر پیش کیا ہو۔ یا تصریحًا کہہ دیا ہو کہ میں یوسفؑ ہوں ۔ غرض وہ سخت متعجب و حیرت حیرت زدہ ہو کر بول اٹھےءَاِنَّکَ لَاَنْتَ یُوْسُفُ (سچ بتاؤ کیا تم ہی یوسفؑ ہو ؟)
یعنی جس سے مجھ کو جدا کیا تھا آج میرے پاس بیٹھا ہے۔
جدائی کو ملاپ سے ، ذلت کو عزت سے ، تکلیف کو راحت سے ، تنگی کو عیش سے بدل دیا۔ جو غلام بنا کر چند دراہم میں فروخت کیا گیا تھا ، آج خدا نے اسے ملک مصر کی حکومت بخشی۔
حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "جس پر تکلیف پڑے اور وہ شرع سے باہر نہ ہو اور گھبرائے نہیں تو آخر بلا سے زیادہ عطا ہو۔