دوسری زندگی کے دلائل
یعنی شاید کفار کو یہ خیال گذرے کہ جب مٹی میں مل کر مٹی ہو گئے ۔ پھر دوبارہ زندگی کہاں ۔ قیامت اور عذاب و ثواب وغیرہ سب کہانیاں ہیں ، ان کو بتلایا کہ جس خدا نے آسمان و زمین کامل قدرت و حکمت سے پیدا کئے اسے تمہارا از سر نو دوبارہ پیدا کرنا ، یا کسی دوسری مخلوق کو تمہاری جگہ لے آنا کیا مشکل ہے ؟ اگر آسمان و زمین کے محکم نظام کو دیکھ کر یہ یقین ہوتا ہے کہ اس کا پیدا کرنا اور قائم رکھنے والا کوئی صانع حکیم ہے جیسا کہ لفظ "بالحق" میں تنبیہ فرمائی ، تو کیسے کہا جا سکتا ہے کہ اس نے اشرف المخلوقات (انسان) کو محض بے نتیجہ پیدا کیا ہو گا اور اس کی تخلیق و ایجاد سے کوئی عظیم الشان مقصد متعلق نہ ہو گا۔ یقینًا اس زندگی کے بعد کوئی دوسری زندگی ہونی چاہئے جس میں آدمؑ کی پیدائش کا مقصد عظیم اکمل و اتم طریقہ سے آشکارا ہو۔