مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ابراہیم آیت 21 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَبَرَزُوا۟ لِلَّهِ جَمِيعًا فَقَالَ ٱلضُّعَفَـٰٓؤُا۟ لِلَّذِينَ ٱسْتَكْبَرُوٓا۟ إِنَّا كُنَّا لَكُمْ تَبَعًا فَهَلْ أَنتُم مُّغْنُونَ عَنَّا مِنْ عَذَابِ ٱللَّهِ مِن شَىْءٍ ۚ قَالُوا۟ لَوْ هَدَىٰنَا ٱللَّهُ لَهَدَيْنَـٰكُمْ ۖ سَوَآءٌ عَلَيْنَآ أَجَزِعْنَآ أَمْ صَبَرْنَا مَا لَنَا مِن مَّحِيصٍ ﴿٢١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

دوسری زندگی کے دلائل

یعنی سب سے بڑی عدالت میں پیشی ہو گی۔

آخرت میں کفار کی اپنے بڑوں سے مدد کا سوال

یہ اتباع اپنے متبوعین سےکہیں گے یعنی دنیا میں تم بڑے بن کر بیٹھے تھے اور ہم نے تمہاری بہت تابعداری کی تھی ، آج اس مصیبت کی گھڑی میں کچھ تو کام آؤ ، کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ عذاب الہٰی کےکسی حصہ کو ہم سے ذرا ہلکا کر دو ۔ یہ دوزخ میں جانے کے بعد کہیں گے یا میدان حشر میں ، ابن کثیرؒ نے پہلے احتمال کو ترجیح دی ہے لقولہ تعالیٰ وَ اِذۡ یَتَحَآجُّوۡنَ فِی النَّارِ فَیَقُوۡلُ الضُّعَفٰٓؤُا لِلَّذِیۡنَ اسۡتَکۡبَرُوۡۤا اِنَّا کُنَّا لَکُمۡ تَبَعًا (المومن۔۴۷) الٓایۃ وغیر ذلک من الآیات۔ واللہ اعلم۔

ان کا جواب

یعنی اگر خدا دنیا میں ہم کو ہدایت کی توفیق دیتا تو تم کو بھی اپنے ساتھ سیدھے راستہ پر لے چلتے۔ لیکن ہم نے ٹھوکر کھائی تو تمہیں بھی لے ڈوبے ۔ یا یہ مطلب ہے کہ اس وقت اگر خدا تعالیٰ ہم کو اس عذاب سے نکلنے کی کوئی راہ بتلاتا تو ہم تمہیں وہ ہی راہ بتا دیتے۔ اب تو تمہاری طرح ہم خود مصیبت میں مبتلا ہیں ، اور مصیبت بھی ایسی جس سے چھٹکارے کی صورت نہیں۔ نہ صبر کرنے اور خاموش رہنے سے فائدہ ، نہ گھبرانے اور چلانے سے کچھ حاصل۔